اسلام آباد(آئی پی ایس)
برطانوی ہائی کمشنر نے اسلام آباد میں ایک خصوصی افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں پاکستان بھر سے 11 مذہبی برادریوں کے نمائندگان نے شرکت کی اور ملک کی بھرپور مذہبی تنوع کا جشن منایا۔
اس تقریب میں مسیحی، ہندو، مسلمان، سکھ اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر شمولیت کے فروغ اور پاکستان کی متنوع مذہبی برادریوں کو اجاگر کرنے پر زور دیا گیا۔ مہمانوں نے مل بیٹھ کر افطار کیا اور باہمی احترام، ہم آہنگی اور تمام شہریوں کے لیے مساوی شرکت کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا۔
برطانوی ہائی کمشنر، جین میریٹ سی ایم جی او بی ای، نے کہا:
“پاکستان کے پرچم میں سفید رنگ محض تزئین و آرائش نہیں بلکہ وقار اور مساوی وابستگی کے عزم کی نمائندگی کرتا ہے۔ اس طرح کی تقریبات ہمیں ہمدردی اور باہمی رابطے کے ذریعے قریب لاتی ہیں اور یہ یاد دلاتی ہیں کہ اختلاف رکاوٹ نہیں بلکہ طاقت ہے۔”
یہ افطار برطانوی ہائی کمیشن کی جانب سے مختلف برادریوں کے درمیان مکالمے کے فروغ اور تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق اور مواقع کی حوصلہ افزائی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
