Thursday, February 26, 2026
ہومتازہ ترینوفاقی کابینہ کا 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے پر غور

وفاقی کابینہ کا 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے پر غور

کراچی: (آئی پی ایس) وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی اصولی منظوری پر غور شروع کر دیا۔
ذرائع کے مطابق حکومت کو10روپے کا سکہ متعارف کروانے سے 40سے 50ارب روپے کی ممکنہ بچت ہوگی،وزیر خزانہ کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے کرنسی مینجمنٹ رپورٹ کابینہ کو بھجوادی، سٹیٹ بینک اور سکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن قوانین کےتحت کرنسی مینجمنٹ رپورٹ تیار ہوئی۔

آئی سی ایم اے رپورٹ کے مطابق دس روپے کےنوٹ کی اوسط عمر صرف 6 سے 9 ماہ ہے، دس روپے کے سکے کی اوسط عمر 20 سے 30 سال ہے، ملک میں ہرسال چھپنےوالےمجموعی نوٹوں کا تقریباً 35 فیصد حصہ 10 روپے کے نوٹ پرمشتمل ہے۔

رپورٹ کے مطابق دس روپے کا سکہ متعارف کرانے سے 10سال میں کم از کم 40 سے 50ارب روپے کی بچت ہوگی، 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی ، تبدیلی اور انتظامی اخراجات کا تخمینہ 8 سے 10 ارب روپے ہے، سکہ تیار کرنے کی لاگت زیادہ مگر دہائیوں تک دوبارہ تیار کرنےکی ضرورت نہیں پڑتی۔

سفارش کی گئی ہے کہ سٹیٹ بینک مرحلہ وار تین سال میں 10 روپے کے نوٹ کی چھپائی بند کردے، ملکی سطح پر 10روپے کا سکہ پہلی بار 24 اکتوبر 2016 کو جاری ہوا تھا، 10 روپے کے نوٹ کو مرحلہ وار ختم کرنا سٹیٹ بینک ایکٹ کےتحت قانونی عمل ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برطانیہ، کینیڈا، آسٹریلیا سمیت کئی ممالک کم مالیت نوٹوں کو سکوں میں بدل چکے ہیں، نوٹوں کی چھپائی میں کمی گرین بینکنگ کا حصہ ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔