اسلام آباد(آئی پی ایس) ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کیخلاف اپیلیں مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی توشہ خانہ ٹو کیس میں سزا کے خلاف اپیلوں پر اعتراضات دور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلوں کو نمبر لگا کر مقرر کرنے کی ہدایت کردی۔
عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی مرکزی اپیل پر اعتراضات دور کرنے کی متفرق درخواست منظور کرلی۔ اسی طرح اپیلوں پر اعتراضات دور کرنے کا وقت بڑھانے کی متفرق درخواست بھی عدالت نے منظور کی۔
درخواستوں پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس خادم حسین سومرو نے کی جب کہ اس موقع پر بیرسٹر سلمان صفدر اور سلمان اکرم راجا سمیت وکلا اور بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں بھی عدالت میں پیش ہوئیں۔
دوران سماعت بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ رجسٹرار آفس نے ہماری اپیل پر اعتراضات لگا دیے تھے۔ ہمیں اُن اعتراضات کا علم ہی نہیں تھا، سزا معطلی درخواستیں دائر کیں تو پتا چلا کہ اعتراضات ہیں۔ اپیلوں پر ایسے اعتراضات لگائے گئے جو بنتے ہی نہیں تھے۔ رجسٹرار آفس نے وکالت نامہ پرانا ہونے کا اعتراض لگایا اب خود ہی ختم کر کے وہی تسلیم کر لیا۔ اسی طرح اعتراض لگایا کہ فلیگ نہیں لگے ہوئے، ترتیب درست نہیں۔
جسٹس خادم حسین سومرو نے ریمارکس دیے کہ آپ کی اپیلوں پر باقی اعتراض دور کر رہے ہیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ایک اعتراض ہے کہ صفحات پر فلیگ نہیں لگے ہوئے، یہ کیا اعتراض ہے؟، جس پر جسٹس خادم حسین سومرو نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ وکیل صاحب صفحات کو فلیگ کر لیں۔ جب اعتراضات دور کر دیے گئے تو کیس اعتراضات کے ساتھ کیوں مقرر ہے؟ ہم آپ کو 7 دن کا وقت دے رہے ہیں جو اعتراضات ہیں وہ دُور کر لیں۔
بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ ہمارے لیے پہلے بہت پریشانیاں ہیں۔ یہ آسانی تو ہو جائے۔ رجسٹرار آفس خود کنفیوژن پیدا کر رہا ہے۔ آپ کی عدالت میں پہلی بار پیش ہوئے ہیں، خالی ہاتھ نہ جائیں۔جسٹس خادم سومرو نے کہا کہ آپ کی دونوں درخواستیں منظور کرلی ہیں، خالی ہاتھ نہیں لوٹایا ۔
