Thursday, February 26, 2026
ہومتازہ ترینملک بھر میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا عمل تیز، بار رومز کی سولرائزیشن اور ای لائبریریز کا قیام جاری

ملک بھر میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری کا عمل تیز، بار رومز کی سولرائزیشن اور ای لائبریریز کا قیام جاری

ملک بھر میں عدالتی نظام کی بہتری اور جدید سہولیات کی فراہمی کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اعلامیے کے مطابق صوبہ پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بار رومز، عدالتوں اور جوڈیشل کمپلیکسز میں سولرائزیشن، ای لائبریریز، واٹر فلٹریشن پلانٹس اور خواتین سہولت مراکز کے قیام کا عمل جاری ہے۔

پنجاب میں نمایاں پیش رفت

اعلامیے کے مطابق پنجاب میں 56 اہل بار رومز کی سولرائزیشن مکمل کرلی گئی ہے جبکہ مزید 47 بار رومز میں کام جاری ہے۔
صوبے میں 62 بار رومز اور عدالتوں میں ای لائبریریز قائم کی جاچکی ہیں اور ان کی مزید توسیع کا عمل جاری ہے۔

اسی طرح پنجاب کے 47 جوڈیشل کمپلیکسز میں واٹر فلٹریشن پلانٹس نصب کیے جاچکے ہیں تاکہ سائلین اور عدالتی عملے کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔

خواتین کی سہولت کے لیے صوبے میں 32 ڈے کیئر سینٹرز اور 74 خواتین سہولت مراکز قائم کیے گئے ہیں، جس سے عدالتی ماحول کو مزید سازگار بنانے میں مدد ملے گی۔

سندھ میں منصوبوں پر پیش رفت

سندھ میں 65 بار رومز اور 92 عدالتوں کی سولرائزیشن منصوبہ بندی کے تحت جاری ہے۔
مزید برآں 37 بار رومز اور 61 عدالتوں میں ای لائبریریز قائم کی جارہی ہیں۔

اعلامیے کے مطابق سندھ کے 28 اضلاع اور 19 تعلقہ سطح پر خواتین سہولت مراکز کی ترقی کا عمل بھی جاری ہے، جس کا مقصد خواتین کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنا ہے۔

خیبر پختونخوا میں اقدامات

خیبر پختونخوا میں 51 بار رومز اور 39 عدالتوں کی سولرائزیشن مکمل کرلی گئی ہے۔
اسی طرح 66 بار رومز اور 62 عدالتوں میں ای لائبریریز قائم کردی گئی ہیں۔

صوبے میں “دا سر سوری” کے عنوان سے خواتین مرکز منصوبے کی منظوری دی گئی ہے، جس کا آغاز سوات اور ہری پور سے کیا جارہا ہے۔

بلوچستان میں پیش رفت

بلوچستان کے تمام 35 سیشن ڈویژنز میں سولرائزیشن کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔
اسی طرح صوبے کے 35 سیشن ڈویژنز میں بینچ اور بار کے لیے ای لائبریریز قائم کردی گئی ہیں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ان منصوبوں کا مقصد عدالتی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا، ماحول دوست توانائی کو فروغ دینا اور سائلین و وکلا کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔