Thursday, February 26, 2026
ہومتازہ ترینملائیشین ہائی کمشنر کی جانب سے افطار استقبالیہ کی میزبانی

ملائیشین ہائی کمشنر کی جانب سے افطار استقبالیہ کی میزبانی

اسلام آباد، (آئی پی ایس) :

پاکستان میں ملائیشیا کی ہائی کمشنر، پوان امیلیا امانی لی عبداللہ نے بدھ کے روز ملائیشیا ہائی کمیشن، اسلام آباد میں افطار استقبالیہ کا اہتمام کیا۔

مختلف ممالک کے سفیروں، مقامی کاروباری شخصیات، سول سوسائٹی کے اراکین، میڈیا نمائندگان اور پاکستان میں مقیم ملائیشین شہریوں نے تقریب میں شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہائی کمشنر نے مہمانوں کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا اور ماہِ رمضان کی برکتوں اور اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان صبر، برداشت، امن اور محبت کا پیغام دیتا ہے اور مختلف برادریوں کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی احترام کے فروغ کا موقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس نوعیت کی تقریبات عوامی سطح پر روابط کو مضبوط بناتی ہیں اور ملائیشیا اور پاکستان کے درمیان بہتر باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت قرار دیا۔

استقبالیہ کا اختتام خطے میں امن، اتحاد اور خوشحالی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔