Thursday, February 26, 2026
ہومبریکنگ نیوزلاء اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس: چاروں صوبوں کے عدالتی نظام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز منظور

لاء اینڈ جسٹس کمیشن اجلاس: چاروں صوبوں کے عدالتی نظام کیلئے اربوں روپے کے فنڈز منظور

اسلام آباد: (آئی پی ایس) چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیرصدارت لاء اینڈ جسٹس کمیشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک بھر میں عدالتی انفراسٹرکچر کی بہتری اور اصلاحات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں صوبہ پنجاب کے لیے جامع عدالتی انفراسٹرکچر پیکج کی منظوری دی گئی، جس میں 1042 ملین روپے کے جوڈیشل ڈیولپمنٹ فنڈز اور 490 ملین روپے کی گرانٹ اِن ایڈ شامل ہے۔
پنجاب کے انڈر ڈیولپڈ ریجنز کے لیے مزید 99 ملین روپے بھی منظور کیے گئے ہیں۔سندھ کے حوالے سے توانائی کی جدت اور خواتین کے لیے سہولیات کی فراہمی کی منظوری دی گئی۔ صوبے میں عدالتوں اور بار رومز کی سولرائزیشن، ای لائبریریوں کے قیام اور فلٹریشن پلانٹس پر کام جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

خیبرپختونخوا میں یونیورسل ہائبرڈ سولر منصوبے کی منظوری دی گئی، جبکہ صوبے کے لیے 247 ملین روپے کے جوڈیشل ڈیولپمنٹ فنڈز، 277 ملین روپے گرانٹ اِن ایڈ اور 24 ملین روپے انڈر ڈیولپڈ ریجنز کے لیے مختص کیے گئے۔بلوچستان کے لیے 172 ملین روپے گرانٹ اِن ایڈ اور 64 ملین روپے کے جوڈیشل ڈیولپمنٹ فنڈز کی منظوری دی گئی۔چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سولرائزیشن منصوبہ عدالتی نظام کو مستحکم اور پائیدار بنانے کی ایک اہم اصلاح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے دور دراز علاقوں میں انصاف تک رسائی مزید مضبوط اور مؤثر ہوگی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔