اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی اسلام آباد میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ماحولیاتی تحفظ اور ائیر کوالٹی کی بہتری کے حوالے سے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اے ڈی بی کے وفد سے ملاقات ہوئی۔ جسمیں اے ڈی بی وفد میں شامل سینئر فنانشل اکانومسٹ اینڈریو میکارٹنی ، اے ڈی بی اربن ٹیم کے ماہرین سمیت سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی)ریسورس، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انوائرمنٹ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ائیر کوالٹی میں بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فضائی آلودگی میں کمی سمیت ماحولیاتی تحفظ اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے گرین کور کو برقرار رکھنے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جارہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں سی ڈی اے اور آئی سی ٹی انتظامیہ ملکر فضائی آلودگی پر قابو پانے کے موثر اقدامات کر رہے ہیں ۔ اس حوالے سے پالیسی اقدامات سمیت مختلف ماحول دوست پر منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماحولیاتی تحفظ اور فضائی معیار کو بہتر بنانے کے حوالے سے ماحول دوست الیکٹرک ٹرانسپورٹ اور الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کا قیام عمل لایا جاچکا ہے اور اس سلسلے میں سی ڈی اے نے ای وی ریگولیشنز پر پچھلے سال سے عملدرآمد شروع کر دیا ہے۔ اسی طرح ٹرانسپورٹ سیکٹر میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے گاڑیوں کے کاربن اخراج کے ٹیسٹ کئے جارہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ مستند ائیر کوالٹی انڈیکس کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ای پی اے کیساتھ ملکر مانیٹرنگ اسٹیشنز کی تنصیب پر کام کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے میگا ترقیاتی منصوبوں کے نتیجے میں ٹرانسپورٹ سیکٹر میں کاربن کے اخراج میں کمی آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاربن کے اخراج میں کمی لانے والے اسطرح کے منصوبوں میں کاربن کریڈٹ کے حصول کیلئے اے ڈی بی اپنی معاونت دے سکتا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے اور اسلام آباد کی پہلی سائنٹفک لینڈ فل سائٹ کے قیام کے حوالے سے کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ دارالحکومت اسلام آباد کے ماحولیاتی تحفظ کیلئے شروع کئے گئے ان مختلف ماحول دوست منصوبے میں اے ڈی بی اپنی بھرپور تکنیکی معاونت فراہم کرے۔ملاقات میں نیشنل کلین ایئر پالیسی (این سی اے پی)پر عملدرآمد کیلئے اسلام آباد کیلئے جامع ایکشن پلان کی تیاری، کارین اخراج کا ڈیٹا اور پالیسی و گورننس کے نظام کو بہتر بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اے ڈی بی کے وفد نے کہا کہ اس حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر مختلف شعبوں ٹرانسپورٹ، انڈسٹری، شہری فضائی آلودگی، کچرے کو کھلی فضا میں جلانے اور زراعت و لائیو سٹاک میں اصلاحات اور عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں گرین فنانس پلیٹ فارمز اور کاربن کریڈٹ مارکیٹ سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کے لائحہ عمل پر غور ہوا۔ اے ڈی بی کے وفد نے کہا کہ اس سلسلے میں اے ڈی بی مختلف مراحل پر مشتمل پروگرامز میں معاونت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ملاقات میں فضائی آلودگی کے خاتمے، ائیر کوالٹی انڈیکس کی بہتری اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے اے ڈی بی اور سی ڈی اے کے مابین تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے اتفاق ہوا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنا اور شہریوں کو محفوظ و صحتمند ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اے ڈی بی اور سی ڈی اے کی شراکت داری سے نہ صرف وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ائیر کوالٹی بہتر ہوگی بلکہ یہ شہر ماحولیاتی تحفظ کیلئے پورے پاکستان کیلئے ایک بہترین نمونہ بھی بن سکے گا۔
