دوحہ (سب نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے ملاقات کی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات پر بات چیت کی اور علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور سیاسی، اقتصادی اور ادارہ جاتی روابط میں بڑھتی ہوئی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔
ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، افرادی قوت و لیبر اور ثقافتی شعبے میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی اور ان تمام شعبوں میں تعاون کو تیز کرنے کے لیے دونوں ممالک کی مشترکہ ٹاسک فورس کو لازمی قرار دیا گیا۔دونوں فریقوں نے مشترکہ وزارتی کمیشن اور دو طرفہ سیاسی مشاورت سمیت حالیہ اعلی سطحی مصروفیات اور ادارہ جاتی میکانزم کے دوران کیے گئے فیصلوں پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیا۔علاقائی مسائل بشمول غزہ میں پیشرفت اور خلیج کی سلامتی کے وسیع تر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خطے میں مذاکرات کے فروغ اور کشیدگی میں کمی کے لیے قطر کی تعمیری سفارتی کوششوں کو سراہا۔
دونوں رہنماوں نے تنازعات کے پرامن حل اور اقوام متحدہ کے چارٹر سمیت بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کی اہمیت پر زور دیا۔ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ، علاقائی اور بین الاقوامی موجودہ مسائل پر رابطے میں رہنے کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
شہباز شریف کی قطر کے وزیراعظم سے ملاقات، علاقائی و بین الاقوامی پیشرفت پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
