Tuesday, February 24, 2026
ہومپاکستانعلی امین گنڈاپور سیکیورٹی واپس لینے پر سہیل آفریدی حکومت پر برس پڑے

علی امین گنڈاپور سیکیورٹی واپس لینے پر سہیل آفریدی حکومت پر برس پڑے

پشاور (سب نیوز)خیبرپختونخوا کے سابق وزیراعلی اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور نے صوبائی حکومت کی جانب سے اپنی سیکیورٹی واپس لینے کی خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے اس اقدام پر برہمی کا اظہار کیا ہے، تاہم صوبائی حکومت نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔
علی امین گنڈاپور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ان کی سیکیورٹی گزشتہ روز چیف سیکیورٹی افسر کے حکم پر واپس لے لی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ انہیں ایک جیمر، 2 ڈبل کیبن اور ڈرائیور سمیت 14 افراد پر مشتمل اسٹاف فراہم کیا گیا تھا۔سابق وزیراعلی کے مطابق ڈی آئی خان ایک حساس علاقہ ہے اور انہیں پہلے سے تھریٹ الرٹس موصول ہیں۔علی امین گنڈاپور نے کہاکہ ڈی آئی خان دہشتگردی سے متاثرہ علاقہ ہے، اس کے باوجود میری سیکیورٹی واپس لی گئی۔ وزیراعلی سے وجوہات معلوم کرنے پر پتا چلا کہ آرڈر اوپر سے جاری کیا گیا ہے۔
انہوں نے چیف سیکیورٹی افسر سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر وزیراعلی ہاوس میں گاڑیاں کم ہیں تو میں اپنی گاڑیاں بھیج دوں گا اور اگر دوبارہ سیکیورٹی دی گئی تو اسے قبول نہیں کروں گا۔انہوں نے مزید کہاکہ صوبے میں ہماری حکومت ہونے کے باوجود یہ اقدام بلا جواز ہے۔ اس سے قبل وزیراعلی خیبرپختونخوا کے پریس سیکریٹری نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ سابق وزیراعلی کی سیکیورٹی واپس لینے سے متعلق خبریں درست نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے نہ کوئی فیصلہ کیا گیا اور نہ ہی متعلقہ حکام کو ایسی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔