Tuesday, February 24, 2026
ہومتازہ ترینہوٹلز ایف اے آر چارجز میں کمی قابل تعریف، کمرشل بلڈنگز چارجز پر بھی نظرثانی کی جائے : صدر آئی سی سی آئی

ہوٹلز ایف اے آر چارجز میں کمی قابل تعریف، کمرشل بلڈنگز چارجز پر بھی نظرثانی کی جائے : صدر آئی سی سی آئی

اسلام آباد:(آئی پی ایس) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کے صدر سردار طاہر محمود نے وفاقی حکومت کی طرف سے دارالحکومت میں ہوٹلوں کی ترقی کے لیے فلور ایریا ریشو (ایف اے آر) چارجز میں خاطر خواہ کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے اور اسے ایک “کاروبار دوست اقدام قرار دیا ہے.


منگل کو جاری ایک بیان میں انہوں نے اس بات پر زور دیا ہے کہ جہاں ہوٹلوں کے لیے ایف اے آر ریلیف ایک بروقت اور مثبت قدم ہے، وھیں حکومت تجارتی عمارتوں کو بھی اسی طرح کا ریلیف فراہم کرے۔ انھوں نے کہا ہے کہ دونوں شعبوں پر ایف اے آر چارجز میں اضافے کیا گیا تھا لیکن ریلیف صرف ہوٹل انڈسٹری کو دیا گیا ہے جو سراسر زیادتی ہے اور یہ کہ اس تفریق سےعدم توازن پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔
سردار محمود نے حکام پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر ایکویٹی کی بحالی، سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے اور بڑھتے ہوئے تعمیراتی اخراجات کو روکنے کے لیے کمرشل پراپرٹیز کے لیے ایف اے آر چارجز کا بھی فوری جائزہ لیں اور اسے معقول بنائیں۔


انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تعمیراتی صنعت پاکستان کی معیشت کا ایک کلیدی انجن ہے، جو کہ سیمنٹ، سٹیل، ٹائلز، الیکٹریکل سامان، اور محنت سے متعلق خدمات جیسے متعلقہ شعبوں میں ترقی کو آگے بڑھاتی ہے اور روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا کرتی ہے۔ انہوں نے کاروبار کرنے میں آسانی، لاگت کی معقولیت، اور پائیدار شہری ترقی کو یقینی بنانے کے لیے مشاورتی طریقہ کار پر زور دیا۔


سردار محمود نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی اسکائی لائن کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، جیسا کہ دنیا کے دوسرے بڑے شہروں میں ہے ۔انہوں نے نوٹ کیا کہ اس طرح کی عمودی ترقی صرف اس صورت میں ممکن ہے جب کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) فعال طور پر بلند و بالا تعمیرات کی حوصلہ افزائی اور سہولت فراہم کرے۔


چیمبر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی سی سی آئی متوازن ترقی پر مبنی پالیسیوں کو آگے بڑھانے کے لیے پالیسی سازوں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔