Monday, February 23, 2026
ہومپاکستانوزیراعظم 23تا 24فروری کو قطر کا سرکاری دورہ کریں گے

وزیراعظم 23تا 24فروری کو قطر کا سرکاری دورہ کریں گے

اسلام آباد (سب نیوز)ترجمان وزارتِ خارجہ پاکستان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف 23 سے 24 فروری 2026 تک قطر کا سرکاری دورہ کریں گے۔ یہ دورہ امیرِ ریاست قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، دیگر وفاقی وزرا اور اعلی حکام بھی ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق یہ دورہ دونوں برادر ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات کا عکاس ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کی تجدید کا مظہر ہے۔دوحا میں قیام کے دوران وزیراعظم کی امیرِ قطر کے ساتھ دوطرفہ ملاقات ہوگی جس میں سیاسی روابط، اقتصادی تعاون، توانائی شراکت داری اور عوامی سطح پر تبادلوں سمیت باہمی تعلقات کے تمام پہلووں کا جائزہ لیا جائے گا۔
دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور افرادی قوت کی برآمد جیسے شعبوں میں نئے مواقع تلاش کریں گے۔پاکستان اور قطر کے درمیان باہمی اعتماد اور علاقائی و عالمی فورمز پر قریبی تعاون پر مبنی دیرینہ شراکت داری موجود ہے۔ یہ دورہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال کا بھی موقع فراہم کرے گا اور قیادتیں خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔