Monday, February 23, 2026
ہومتازہ ترینبنگلادیشی آرمی میں اعلی سطح پر بڑی تبدیلیاں، چیف آف جنرل اسٹاف بھی تبدیل

بنگلادیشی آرمی میں اعلی سطح پر بڑی تبدیلیاں، چیف آف جنرل اسٹاف بھی تبدیل

ڈھاکہ (سب نیوز)طارق رحمان کے وزارت عظمی کا چارج سنبھالتے کے چند روز بعد ہی بنگلادیش کی آرمی میں اعلی سطح پر بڑی تبدیلیاں کر دی گئیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق آرمی ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ بھارت میں تعینات دفاعی مشیر بریگیڈئیر جنرل محمد حفیظ الرحمان کو ترقی دیکر میجر جنرل بنا دیا گیا ہے اور انہیں 55 انفنٹری ڈویژن کا جنرل آفیسر کمانڈنگ تعینات کرکے فوری وطن واپس بلا لیا گیا ہے۔اس کے علاوہ لیفٹیننٹ جنرل محمد معین الرحمان کو چیف آف جنرل اسٹاف تعینات کر دیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ میجر جنرل قیصر رشید چوہدری کو ڈائریکٹر جنرل آف فورسز انٹیلی جنس تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ میجر جنرل محمد جہانگیر عالم کو وزارت خارجہ میں سفیر لگا دیا گیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل میر مشفیق الرحمان کو آرمڈ فورسز ڈویژن میں پرنسپل اسٹاف آفیسر تعینات کر دیا گیا ہے جبکہ ان سے پہلے پی اس او رہنے والے لیفٹیننٹ جنرل ایس ایم قمر الحسن کی خدمات وزارت خارجہ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ بنگلادیش میں 12 فروری کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں بی این پی نے 209 نشستیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کی جبکہ جماعت اسلامی نے 77 نشستیں حاصل کیں۔ بی این پی کے سربراہ طارق رحمان بنگلادیش کے وزیراعظم کا عہدہ سنبھال چکے ہیں جبکہ امیر جماعت اسلامی بنگلادیش کو اپوزیشن لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔