اسلام آباد(آئی پی ایس) وفاقی آئینی عدالت نے سابق سی ای او خیبر پختونخواہ اکنامک زون کمپنی جاوید اقبال کی برطرفی کے خلاف دائر اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھا۔ 2 رکنی بینچ نے جسٹس حسن اظہر رضوی کی سربراہی میں کیس کی سماعت کی۔
سماعت کے دوران سابق سی ای او کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ کوئی بادشاہت نہیں کہ حکومت جب چاہے کسی کو برطرف کر دے، مؤقف میں کہا گیا کہ جاوید اقبال کو ان کی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ سی ای او کے عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔
اس پر جسٹس روزی خان نے ریمارکس دیے کہ آپ کی دوبارہ تقرری بھی بادشاہت کے انداز میں ہوئی، جبکہ دوبارہ تقرری کے لیے مسابقتی طریقہ کار اپنایا جانا چاہیے تھا۔ جسٹس حسن اظہر رضوی نے ریمارکس دیے کہ اگر آپ واقعی اتنے اہل ہیں تو حکومت دوبارہ آپ کی تقرری کر دے گی۔
عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد اپیل مسترد کرتے ہوئے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھنے کا حکم دیا۔
