احمد آباد(سب نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں سپر ایٹ مرحلے کے گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کی مسلسل فتوحات پر بریک لگا دیا۔
188رنز کے ہدف کے تعاقب میں بھارتی بیٹنگ لائن بری طرح فلاپ ہوگئی اور اس کی وکٹیں پتوں کی طرح بکھرتی چلی گئیں، بھارتی بیٹر دوبے نے سب سے زیادہ 42 رنز بنائے، ہاردک پانڈیا اور سوریا کماریادیو نے 18 ،18 رنزبنائے۔ان کے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز قابل ذکر کارکردگی نہ دکھا سکا اور پوری ٹیم 19 ویں اوور میں 111 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔جنوبی افریقا کی جانب سے مارکو ینسن نے4،کیشو مہاراج نے 3 اور کاربن بوش نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔
قبل ازیں بھارت کے شہر احمد آباد میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔جنوبی افریقا کی جانب سے ڈیوڈ ملر نے 63، ڈیوالڈ بریسویس نے 45 اور اسٹبس نے 44 رنز سکور کیے۔بھارت کی جانب سے جسپریت بھمراہ نے تین اور ارشدیپ سنگھ نے2 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارتی ٹیم کو مسلسل 12 کامیابیوں کے بعد یہ پہلی شکست ہوئی ہے۔ دفاعی چیمپئن بھارت کی ٹیم 2024 کے ورلڈکپ کے تمام میچز سے لے کر اب تک ناقابل شکست تھی۔
ٹی 20 ورلڈکپ سپر ایٹ مرحلہ، جنوبی افریقا نے بھارت کو 76 رنز سے شکست دیدی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
