Sunday, February 22, 2026
ہومپاکستاناسحاق ڈار کا بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسحاق ڈار کا بنگلہ دیشی وزیر خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ ، دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد (سب نیوز)نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے نومنتخب وزیر خارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ دونوں رہنماوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے ڈاکٹر خلیل الرحمان کو حالیہ تقرری پر نیک تمناوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بنگلہ دیش کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر تعلقات کو نئی جہت دیں گے۔دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے مشترکہ وژن پر زور دیا۔ اس موقع پر اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ تجارت، معیشت، تعلیم، ثقافت اور عوامی روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔گفتگو میں کثیرالجہتی فورمز پر باہمی اشتراک بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال ہوا، تاکہ عالمی سطح پر دونوں ممالک کے مفادات کا موثر انداز میں تحفظ کیا جا سکے۔ رہنماں نے مستقبل میں قریبی رابطوں کو جاری رکھنے اور اعلی سطحی تبادلوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔