Friday, February 20, 2026
ہومپاکستانپیپلزپارٹی نے ایک مرتبہ پھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا

پیپلزپارٹی نے ایک مرتبہ پھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا

کراچی (سب نیوز)پیپلزپارٹی نے ایک مرتبہ پھر گورنر سندھ کامران ٹیسوری کی تبدیلی کا مطالبہ کردیا ہے۔صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ گورنر ہاوس کراچی کا جو استعمال ہورہا ہے وہ صرف سندھ نہیں وفاق کے لیے بھی خطرناک ہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس میں بیٹھ کر بعض وفاقی وزیروں نے لوگوں کو اکسانے کی کوشش کی، لسانی سیاست کا دوبارہ سر اٹھانا انتہائی تشویشناک ہے۔سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف وعدے کے مطابق اپنا یا ہمارا گورنر لگائیں۔
دوسری جانب صوبائی وزیر شرجیل میمن نے کہا کہ گورنر ہاوس، آئینی ادارے تعصب نما تقاریر کے لیے نہیں بنے، کراچی پہلے ہی یہ ماحول دیکھ چکا ہے، مزید متحمل نہیں ہوسکتا۔انہوں نے کہا کہ گورنر ہاوس میں جو تقریب ہوئی اس میں تعصب کی انتہا ہوئی ہے، سندھ ایک تھا، ایک ہے اور ایک رہے گا۔شرجیل میمن نے کہا کہ نفرت انگیز باتیں اور تعصب پر مبنی سیاست کرنے والوں کا حال دیکھ لیں، ایم کیو ایم کا ایک ممبر کہہ رہا ہے کہ اسے ایم کیو ایم کے دوسرے ممبر سے خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ایک ممبر کے لیے آپ نے سارجنٹ بلائے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔