Thursday, February 19, 2026
ہومتازہ ترینچیئرمین سینیٹ کی مشیر مسز مصباح کھر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات

چیئرمین سینیٹ کی مشیر مسز مصباح کھر کی متحدہ عرب امارات کے سفیر سے ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز) چیئرمین سینیٹ پاکستان کی مشیر مسز مصباح کھر نے اسلام آباد میں متحدہ عرب امارات کے سفیر عزت مآب سالم محمد سالم البواب الزعابی سے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانا تھا۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ تعاون کے فروغ، سرمایہ کاری میں اضافے، پارلیمانی روابط کے استحکام، تجارتی تعلقات کے فروغ اور عوامی سطح پر روابط بڑھانے سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

مسز مصباح کھر، جو انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس (ISC) کی سیکرٹری بھی ہیں نے چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے حالیہ غیر ملکی دوروں اور خصوصاً متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اہم ملاقاتوں سے سفیر کو تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔ انہوں نے پارلیمانی سفارتکاری کے فروغ اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اسٹریٹجک تعاون کو وسعت دینے میں ان روابط کی اہمیت پر زور دیا۔


متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان میں حالیہ انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مسز مصباح کھر کو مبارکباد دی اور چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ انہوں نے پارلیمانی قیادت کے مابین مکالمے اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔
مسز مصباح کھر نے سفیر کو آئندہ منعقد ہونے والی انٹر پارلیمنٹری اسپیکرز کانفرنس کی تیاریوں سے بھی آگاہ کیا اور اسے باہمی مفاہمت، قانون سازی میں تعاون اور کثیرالجہتی روابط کے فروغ کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم قرار دیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں اطراف سے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی مکالمے اور معاشی تعاون میں مزید وسعت سے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے اور آئندہ برسوں میں شراکت داری کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔