Wednesday, February 18, 2026
ہومپاکستانمسلم لیگ (ق) ڈنمارک کے نومنتخب صدر راجہ فرہاد کے اعزاز میں عشائیہ

مسلم لیگ (ق) ڈنمارک کے نومنتخب صدر راجہ فرہاد کے اعزاز میں عشائیہ

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) اوورسیز کے سینئر رہنما مرزا اظہر بیگ کی جانب سے ڈنمارک کے نومنتخب رہنما راجہ فرہاد کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا۔ تقریب میں چیئرمین سید توقیر حسین شاہ،جنرل سیکرٹری راجہ طارق محمود سمیت اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی اور نومنتخب رہنما کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے جو عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کر رہی ہے۔

تقریب میں اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی جانب سے اوورسیز پاکستانیوں کی سہولت کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا۔ مرزا اظہر بیگ نے کہا کہ ڈنمارک میں پاکستانی کمیونٹی منظم اور فعال کردار ادا کر رہی ہے اور راجہ فرہاد کی کامیابی وہاں مقیم پاکستانیوں کے اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو قومی دھارے میں مزید مؤثر انداز میں شامل کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔نومنتخب رہنما راجہ فرہاد نے تقریب کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈنمارک میں مقیم پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور پاکستان و ڈنمارک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔تقریب خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔