اسلام آباد(آئی پی ایس) جمہوریہ تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زادہ نےنیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کی قیادت سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران تعلیم اور سائنس کے شعبوں میں تعاون کے فروغ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے طلبہ اور اساتذہ کے تبادلہ پروگراموں کے آغاز، مشترکہ تحقیقی منصوبوں پر عمل درآمد، اور دونوں ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے درمیان اشتراک کار کو فروغ دینے پر گفتگو کی۔
سفیر نے تعلیمی روابط کو مزید مستحکم بنانے اور تاجکستان کی جامعات اور نسٹ کے درمیان براہِ راست تعاون کو فروغ دینے کے لیے تاجکستان کی آمادگی کا اعادہ کیا۔ یونیورسٹی کی قیادت نے بھی باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
دونوں جانب سے اس اعتماد کا اظہار کیا گیا کہ یہ ملاقات تاجکستان اور پاکستان کے درمیان سائنسی و تحقیقی اشتراک کو مزید مضبوط بنانے اور تعلیم کے میدان میں شراکت داری کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔

