Wednesday, February 18, 2026
ہومبریکنگ نیوزائیر کرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے: آیت اللہ خامنہ ای

ائیر کرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے: آیت اللہ خامنہ ای

تہران(سب نیوز )ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ ائیر کرافٹ کیریئر سے زیادہ خطرناک وہ ہتھیار ہے جو اسے سمندر میں غرق کرسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی صدراسلامی جمہوریہ ایران کو نہیں گرا سکیں گے، امریکی صدر اپنی فوج کو دنیا کی مضبوط ترین فوج قراردیتے ہیں لیکن دنیا کی سب سیمضبوط فوج کو بھی ایسا تھپڑپڑسکتا ہیکہ وہ اٹھ نہ سکے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کے اشارہ دیتے ہوئے متعدد مرتبہ ایران کی جانب بحری بیڑہ بھیجنے کا ذکر کرچکے ہیں۔دوسری جانب آج ایرانی پاسداران انقلاب نیوی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاسداران انقلاب حکم ملتے ہی آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ایرانی خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کے روز اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز مشق کے دوران چند گھنٹوں کے لیے آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی۔بحری مشق کے دوسرے مرحلے میں پاسدارانِ انقلاب نیوی کے جنگی اور فوری ردعمل دینے والے یونٹس نے حصہ لیا جس کا مقصد محفوظ بحری آمد و رفت کو یقینی بنانا تھا۔

مشق کے دوران مختلف ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا اور فوجی ماہرین کے مطابق مشق میں مقررہ اہداف کو انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنایا گیا۔پاسدارانِ انقلاب کی تیز رفتار میزائل بردار کشتیوں نے بھی میزائل فائر کر کے عملی کارروائی کا مظاہرہ کیا جبکہ خلیج کے ساحلی علاقوں اور جزائر سے داغے گئے میزائلوں نے بھی آبنائے ہرمز میں اپنے اہداف کو کامیابی سے نشانہ بنایا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔