Tuesday, February 17, 2026
ہومبریکنگ نیوزسی ڈی اور نیشنل پریس کلب کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز ،پودے لگائے گئے

سی ڈی اور نیشنل پریس کلب کے تحت شجر کاری مہم کا آغاز ،پودے لگائے گئے

اسلام آباد(آئی پی ایس ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو کلین اینڈ گرین شہر بنانے کیلئے سی ڈی اے اور نیشنل پریس کلب نے موسم بہار شجرکاری مہم 2026 کا بھرپور انعقاد کیا۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا، صدر پی ایف یو جے افضل بٹ، سیکرٹری جنرل نیشنل پریس کلب نیئر علی، فنانس سیکرٹری نیشنل پریس کلب وقار عباسی اور گورننگ باڈی کے ممبران سمیت صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا، نیشنل پریس کلب کے عہدیدداران، گورننگ باڈی کے ممبران سمیت صحافیوں نے شجرکاری مہم کے تحت نیشنل پریس کلب کے بالمقابل گرانڈ میں ماحول دوست درخت لگائے۔اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے شجرکاری مہم میں حصہ لینے والے پریس کلب کی انتظامیہ، گورننگ باڈی کے ممبران اور صحافیوں کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار شجرکاری مہم کے تحت مقامی، پھلدار اور سایہ دار درختوں کو لگایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت شہر بھر میں 10 لاکھ ماحول دوست درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ شجرکاری مہم میں جدید ٹیکنالوجی کو استعمال میں لایا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں دارالحکومت اسلام آباد میں درختوں کی باقاعدہ ڈیجیٹل شجر شماری کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگائے گئے درختوں کی بہتر نگہداشت کیلئے کیو آر کوڈ لگائے جارہے ہیں۔ اسی طرح کیو آر کوڈ کے ذریعے درختوں کے بوٹینیکل نام، مقام اور لگانے والے ادارے و افراد کی تفصیلات بھی محفوظ کی جائینگی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے مارگلہ نیشنل ہلز پر سیڈ بالز پھینکنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد شہر میں شہریوں اور صحافیوں کیلئے خصوصی ماحول دوست الیکٹرک بسوں کے روٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔ ان ماحول دوست الیکٹرک بسوں کیلئے جدید ڈیجیٹل بس اسٹاپس بھی قائم کئے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کیلئے ہمارے ساتھ ساتھ شہریوں اور سکولوں کے بچوں کو بھی اسمیں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔صدر پی ایف یو جے افضل بٹ نے کہا کہ ہم چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کے انتہائی مشکور ہیں جنہوں نے وقت نکال کر صحافیوں کیساتھ شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت نیشنل پریس کلب سمیت تمام صحافی برادری سی ڈی اے کیساتھ اس مہم میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ ہمیں شجرکاری جسے مثبت اقدامات میں بھی بھرپور حصہ لینا چائیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئیے!! تمام صحافی برادری اپنا کردار ادا کرتے ہوئے شہر میں پودے لگانے کو ایک فیشن بنا دیں۔سیکٹریری جنرل نیشنل پریس کلب نیئر علی نے کہا کہ نیشنل پریس کلب سمیت تمام عہدیداران اور صحافی برادری اس خصوصی مہم میں اپنا بھرپور کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب شجرکاری مہم کے تحت لگائے گئے درختوں کی نگہداشت کو بھی یقینی بنائے گے۔

سیکٹریری فنانس وقار عباسی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے پیپر ملبری کو ہٹا کر ماحول دوست درخت لگائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام صحافیوں کو چائیے کہ شجرکاری مہم 2026 میں سی ڈی اے کیساتھ بھرپور تعاون کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شجرکاری مہم 2026 کو فیشن بنا کر فروغ دیں تاکہ عوام میں ماحولیاتی آگاہی پیدا ہوسکے۔ رواں برس موسم بہار شجرکاری مہم کا مقصد اسلام آباد شہر کے گرین کور اور خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ماحول کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔