کولمبو(سب نیوز) وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے کولمبو میں سری لنکن ہم منصب آنند وجے پالا ،وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج اور سیکرٹری دفاع سمپاتھا تھویا کونتھا سے ملاقاتیں کیں۔سری لنکن وزارت داخلہ آمد پر سری لنکن وزیر داخلہ آنند وجے پالا نے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کا شاندار استقبال کیا۔ دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان ملاقات میں داخلی سیکیورٹی۔ انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے لئے باہمی معاونت بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سائبر کرائمز اور مالیاتی فراڈ میں ملوث مافیا کے خلاف مشترکہ حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔پاکستان اور سری لنکا کی وزارت داخلہ کے درمیان اشتراک کار بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
غیر قانونی امیگریشن اور منشیات کی روک تھام کیلئے باہمی کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔پولیس اور پیرا ملٹری فورسز کی مشترکہ ٹریننگ پروگرامز پر بھی بات چیت کی گئی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکن پولیس کے افسران کو نیشنل پولیس اکیڈمی میں ٹریننگ کی پیشکش کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ افسران کے ٹریننگ ایکسچینج پروگرامز سے دونوں ممالک کی فورس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون سے تعلقات کی نئی راہیں کھلیں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سائبر کرائمز اور مالیاتی جرائم کی روک تھام کیلئے اشتراک کار بڑھانے کی ضرورت ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکن ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سری لنکا میں شاندار مہمان نوازی پر سری لنکن ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔ سری لنکن وزیر داخلہ نے کہا کہ آپ کی سری لنکا آمد ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔پاکستان کے ساتھ باہمی مفادات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے۔محسن نقوی اور سری لنکن وزیر کھیل و امور نوجوانان سنیل کمارا گیمیج کے درمیان ملاقات میں کھیلوں خصوصا کرکٹ کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں سری لنکن وزارت سپورٹس کے ساتھ اشتراک بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ دونوں ممالک کرکٹ سمیت دیگر کھیلوں کے فروغ کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں گے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کرکٹ اور دیگر کھیلوں کے ذریعے باہمی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے موقع پر بہترین انتظامات کو سراہا اور کہا سری لنکا میں بہت محبت ملی ۔ شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ محسن نقوی نے سری لنکن وزیر کھیل و امور نوجوانان کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے سری لنکا کے سیکرٹری دفاع ائر وائس مارشل(ر)سمپاتھا تھویا کونتھا سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں پاک سری لنکا سکیورٹی تعاون اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں پاک سری لنکا سکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ سری لنکن سیکرٹری دفاع نے کہا کہ سری لنکا بھی دہشتگردی کا شکار رہا ہے۔پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف سری لنکا حکومت کا بھرپور ساتھ دیا اور اس سپورٹ پر ہم پاکستان کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کے سکیورٹی تعلقات ہر دور میں مستحکم رہے ہیں۔ سری لنکا کے ساتھ سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔سری لنکا میں پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل ریٹائرڈ فہیم العزیز۔ ایڈوائزر ٹو چئیرمین پی سی بی عامر میر۔چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
