اسلام آباد (سب نیوز)میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا گیا ہے کہ اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان کو آنکھوں کے علاج کے لیے الشفا آئی ٹرسٹ اسپتال منتقل کیے جانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جہاں ان کے لیے 10 کمرے مخصوص کر دیے گئے ہیں۔رپورٹس کے مطابق الشفا ٹرسٹ آئی ہسپتال کے صدر جنرل (ر)رحمت خان نے بتایا ہے کہ اسپتال کے ایڈمنسٹریشن بلاک میں حال ہی میں تعمیر کیے گئے نوعمر مریضوں کے 10 کمرے اس مقصد کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مریض کو کمرے سے آپریشن تھیٹر تک خصوصی راستے کے ذریعے منتقل کیا جا سکے گا تاکہ سیکیورٹی اور رازداری کو یقینی بنایا جا سکے۔اسپتال کے شعبہ وٹریو ریٹینا کو بھی مریض کی آمد اور علاج کے حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ اس شعبے میں ریٹینا سے متعلق پیچیدہ امراض کا علاج کیا جاتا ہے، جن میں میکیولر ڈی جنریشن، ذیابیطس کے باعث ریٹینوپیتھی، عمر رسیدگی سے متعلق ریٹینا کی بیماریاں، پیچیدہ ریٹینا ڈیٹیچمنٹ، ریٹینا کی شریانوں کے امراض اور آنکھ کے پچھلے حصے کے زخم شامل ہیں۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ جنرل رحمت خان کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی، جو شعبہ وٹریو ریٹینا کے سربراہ اور چیف کنسلٹنٹ ہیں، کو ریٹینا کے پیچیدہ امراض کے علاج میں ایشیا کے بہترین ماہرین میں شمار کیا جاتا ہے۔ وہ ریٹینا ڈیزیز ڈیپارٹمنٹ کے 10 ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں اور مریض کا معائنہ کرنے والے میڈیکل بورڈ کی سربراہی بھی انہی کو سونپی گئی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایڈمنسٹریٹو یونٹ کے سربراہ بریگیڈیئر خالد یزدانی کو سیکیورٹی سمیت دیگر انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کو علاج کی مدت کے دوران اسپتال میں ہی رکھا جائے گا اور اس عرصے میں ایڈمنسٹریشن بلاک کی طرف جانے والی سڑک کو سیل کر دیا جائے گا جبکہ مخصوص علاقے میں غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی۔
