کولمبو: (آئی پی ایس) شائقینِ کرکٹ کی انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں کیونکہ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ٹیمیں کچھ ہی گھنٹوں میں کولمبو میں مدمقابل ہوں گی۔
آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء کے سب سے بڑے معرکے کا کاؤنٹ ڈاؤن شروع ہوگیا ہے جس کے ساتھ ہی شائقین کے دلوں کی دھڑکنیں تیز ہوگئی ہیں۔
پاکستانی وقت کے مطابق پاک بھارت میچ پریماداسا سٹیڈیم میں آج رات ساڑھے 6 بجے شروع ہوگا۔
پاکستانی ٹیم بڑے معرکے کی تیاریوں کے سلسلے میں کولمبو میں ڈیرے ڈال چکی جہاں شاہینوں نے جم کر ٹریننگ کی، جبکہ بھارتی ٹیم نے بھی کولمبو میں ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا۔
روایتی حریفوں کے اس ہائی وولٹیج میچ کا تماشائیوں کو شدت سے انتظار ہے، اس سلسلے میں کولمبو میں بڑے میچ کی بڑی تیاریاں جاری ہیں، پاک بھارت میچ کی تمام ٹکٹیں بک چکی ہیں، ہوٹل فل پیک، کمرے نایاب، اور کرائے آسمان پر پہنچ گئے ہیں۔
پاک بھارت ٹاکرا بارش سے متاثر ہونے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے کولمبو میں 80 فیصد بارش کی پیشگوئی کر دی، میچ کے دوران وقفے وقفے سے بارش کے امکانات برقرار ہیں، میچ بارش کی نذر ہونے کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ،ایک پوائنٹ دیا جائے گا۔
