اسلام آباد(سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور متحدہ عرب امارات کے صدر و ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان نے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور صدر متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی کے حکمران شیخ محمد بن زاید النہیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ خوش گوار اور نہایت گرم جوش ماحول میں ہونے والی اس گفتگو کے دوران دونوں رہنماں نے گزشتہ ماہ اسلام آباد اور رحیم یار خان میں ہونے والی اپنی حالیہ ملاقاتوں کا ذکر کیا، جو متحدہ عرب امارات کے صدر کے پاکستان کے پہلے سرکاری دورے کے موقع پر ہوئی تھیں۔
وزیراعظم نے مشکل حالات میں پاکستان کی مستقل اور غیرمتزلزل حمایت پر متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ تعاون دونوں ممالک کی قیادت اور عوام کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔دونوں رہنماوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم آفس کے مطابق دونوں قائدین نے باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم کا صدر یو اے ای سے ٹیلی فونک رابطہ، باہمی مفاد پر مبنی تعاون کے فروغ کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
