Friday, February 13, 2026
ہومپاکستانعمران خان کی بینائی سے متعلق اطلاعات پریشان کن ، اہلخانہ سے ملاقات کرائی جانی چاہئے ،خواجہ سعد رفیق

عمران خان کی بینائی سے متعلق اطلاعات پریشان کن ، اہلخانہ سے ملاقات کرائی جانی چاہئے ،خواجہ سعد رفیق

لاہور(سب نیوز)سینئر ن لیگی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ مریض اگر قیدی ہو اور آپ کا سیاسی مخالف بھی ہو تو اس کے حقوق کی حفاظت کرنا زیادہ اہم ہو جاتا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہر جیل سخت ہو یا نرم اپنے قیدی کو ایک بیماری کا تحفہ ضرور دیتی ہے، یہ جگہ بیتی بھی ہے اور آپ بیتی بھی، بانی پی ٹی آئی کی بینائی متاثر ہونے کی خبریں تواتر سے آرہی ہیں اور یہ پریشان کن ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوری اور موثر علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے، اصولا بانی پی ٹی آئی کے اہل خانہ یا پارٹی کو سپریم کورٹ تک جانے کی ضرورت ہی نہیں پڑنی چاہیے تھی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس موقع پر ان کے دور حکومت میں سیاسی مخالفین سے بدسلوکی کے واقعات دہرانا اعلی ظرفی نہیں ہوگا، حکومت اور ریاستی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹس کی بنیاد پر سرکاری موقف جاری کیا جائے، ان کے اہل خانہ سے ملاقات کروائی جائے۔ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان کی منشا کے مطابق ڈاکٹرز کو ان تک رسائی دی جائے، بانی پی ٹی آئی کے بہترین علاج کیلئے تمام ممکن اقدامات کیے جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔