Friday, February 13, 2026
ہوماسلام آبادسی ڈی اے کے زیر انتظام رمضان ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں خواتین و مرد کھلاڑیوں کیلئے اوپن ٹرائلز کا انعقاد

سی ڈی اے کے زیر انتظام رمضان ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں خواتین و مرد کھلاڑیوں کیلئے اوپن ٹرائلز کا انعقاد

اسلام آباد(سب نیوز)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)کے زیر انتظام رمضان ٹیلنٹ ہنٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سلسلے میں خواتین و مرد کھلاڑیوں کیلئے اوپن ٹرائلز کا انعقاد ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈجی 8ٹواسلام آباد میں کیا جارہا ہے۔تفصیلات کے مطابق، اوپن ٹرائلز کا انعقاد 13 فروری تا 15 فروری تک ڈائمنڈ کرکٹ گراونڈجی 8ٹو اسلام آباد میں کیا جارہا ہے۔

اوپن ٹرائلز کے پہلے روز صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک خواتین کھلاڑیوں کے ٹرائلز کا انعقاد کیا گیا جبکہ مرد کھلاڑیوں کے ٹرائلز 14 اور 15 فروری (ہفتہ و اتوار)کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک جاری رہیں گے۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے متعلقہ افسران کے ہمراہ جمعہ کے روز ڈائمنڈ کرکٹ گرانڈ کا دورہ اور ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے تحت خواتین کی کرکٹ ٹیموں کیلئے اوپن ٹرائلز کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو ٹورنامنٹ کی تفصیلات، ٹرائلز کے انعقاد، رجسٹریشن کے عمل اور شریک کھلاڑیوں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نہ صرف کرکٹ بلکہ دیگر کھیلوں کو بھی فروغ دینے کیلئے سی ڈی اے کی جانب سے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے مرد و خواتین رجسٹریشن کا عمل مکمل کروا کر حصہ لے سکتے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کھلاڑیوں کو خالصتا ٹیلنٹ کی بنادوں پر منتخب کیا جائیگا۔ اس ضمن میں سی ڈی اے جتنا بھی سپورٹ کرسکتا ہے وہ ضرور کریگا۔ انہوں نے کہا کہ اسکے بعد اسی حوالے سے مردوں کیلئے بھی ٹیلنٹ ہنٹنگ کی جائیگی۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتیں ابھارنے کا بھرپور موقع دیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ ماہ صیام میں بھی جاری رہیگا۔

اس ضمن میں پاکستان بھر سے کرکٹ میں دلچسپی رکھنے والے بچے بچیاں ان اوپن ٹرائلز میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سی ڈی اے کی جانب سے سال بھر مختلف کھیلوں کے پروگراموں کا انعقاد کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صحتمندانہ سرگرمیوں اور کھیلوں کے فروغ کیلئے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ کا بنیادی مقصد ملک بھر سے خصوصا خواتین میں چھپی ہوئی صلاحیتوں کو تلاش کرنا اور انہیں ایک معیاری پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلنٹ کے انتخاب میں خالصتا میرٹ کی بنیاد پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ منتخب کھلاڑیوں کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کا موقع میسر آسکے۔ ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر کے مطابق منعقدہ اس ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے 5999037-0333 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے انعقاد، ججز پینل اور دیگر امور کو انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں میرٹ پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جا رہا ہے۔ سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سپورٹس اینڈ کلچر نے کہا کہ اوپن ٹرائلز کے پہلے روز 150 سے زائد خواتین نے شرکت کی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ خواتین کھلاڑیوں میں بے پناہ جذبہ اور صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ٹرائلز اسلام آباد میں کھیلوں کے بڑھتے ہوئے کلچر خصوصا خواتین میں سپورٹس و صحت مندانہ سرگرمیوں میں بڑھتے ہوئے رحجان کا منہ بولتا ثبوت بھی ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔