کراچی، فروری:(سب نیوز)
ڈنمارک اور پاکستان کے درمیان تجارتی تعلقات میں ایک اہم پیش رفت اُس وقت دیکھنے میں آئی جب انٹرنیشنل کارگو ٹرمینلز (ICT) کے منیجنگ ڈائریکٹر عاصم سعید خان اور بحریہ ٹرانس شپمنٹ حب آف پاکستان (BTHP) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کموڈور (ر) شہاب قمر نے سمندری اور لاجسٹکس تعاون کو فروغ دینے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کے معاہدے پر دستخط کیے۔
معاہدے کی تقریب میں ڈنمارک کی سفیر ماجا ڈیرس مورٹینسن بھی موجود تھیں، جن کی شرکت دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی روابط کی عکاسی کرتی ہے۔
اسی موقع پر آئی سی ٹی نے کراچی میں اپنے جدید ناردرن بائی پاس ٹرمینل کی توسیع کا بھی اعلان کیا۔ اس جدید ٹرمینل کی اندرونِ ملک صلاحیت میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے بندرگاہوں پر رش میں کمی آئے گی اور اہم ٹرمینلز کے درمیان کارگو کی ترسیل مزید مؤثر اور تیز ہو سکے گی۔
آئی سی ٹی، اسکین گروپ اے/ایس کی ذیلی کمپنی ہے، جو ڈنمارک کی ایک عالمی شپنگ اور لاجسٹکس کمپنی ہے۔
یہ پیش رفت تجارت، رابطہ کاری اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی دوطرفہ کاروباری ترقی کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔
