Thursday, February 12, 2026
ہومتازہ ترینبانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سنگین انکشافات، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق سنگین انکشافات، رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع

اسلام آباد (سب نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات پر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے والے فرینڈ آف کورٹ بیرسٹر سلمان صفدر نے 8 صفحات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ جاری کر دی ہے، جس میں بانی کی صحت، جیل سہولیات اور قانونی امور سے متعلق اہم انکشافات اور سفارشات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی اچانک اور مکمل طور پر متاثر ہوئی، جس پر انہیں ہسپتال منتقل کر کے انجکشن لگائے گئے۔ تاہم بانی کے مطابق علاج کے باوجود انہیں دائیں آنکھ سے صرف 10 سے 15 فیصد تک نظر آ رہا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اکتوبر 2025 تک ان کی نظر 6/6 تھی، مگر اکتوبر کے بعد دائیں آنکھ سے دھندلا دکھائی دینا شروع ہوا۔

بانی پی ٹی آئی نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو بارہا آنکھ کی تکلیف سے آگاہ کیا، لیکن شکایت کے باوجود تین ماہ تک مناسب علاج نہیں کرایا گیا۔ بعد ازاں پمز ہسپتال کے ماہرِ چشم ڈاکٹر عارف نے معائنہ کیا، تاہم علاج کے باوجود دائیں آنکھ کی بینائی صرف 15 فیصد باقی رہ گئی ہے۔

رپورٹ میں بانی پی ٹی آئی کے حوالے سے یہ بھی بتایا گیا کہ انہیں گزشتہ پانچ ماہ سے وکلا سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ انہوں نے بہنوں اور دیگر رشتہ داروں سے ملاقات نہ ہونے پر بھی مایوسی کا اظہار کیا۔

جیل سہولیات سے متعلق بانی پی ٹی آئی نے شکایت کی کہ سردیوں میں انہیں صرف ایک چھوٹا ہیٹر فراہم کیا جاتا ہے جبکہ گرمیوں میں سیل میں شدید حبس ہوتا ہے۔ انہوں نے مچھر اور کیڑے مکوڑوں کی موجودگی، گرمیوں میں نیند پوری نہ ہونے اور ریفریجریٹر کی سہولت میسر نہ ہونے کا بھی ذکر کیا۔ بانی کے مطابق فراہم کیا جانے والا کول باکس مؤثر نہیں ہوتا اور گرمیوں کے دوران انہیں دو سے تین بار فوڈ پوائزننگ کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو دو سال سے زائد عرصے سے تنہائی میں رکھا گیا ہے۔

بیرسٹر سلمان صفدر نے اپنی رپورٹ میں جیل حکام کو فوری طبی اقدامات کی سفارش کی ہے۔ مزید برآں کتابوں کی فراہمی یقینی بنانے، منصفانہ قانونی ٹرائل فراہم کرنے اور بانی پی ٹی آئی کو ان کے بیٹوں سے ٹیلیفون پر بات کرنے کی سہولت دینے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔