اسلام آباد(سب نیوز )اسلام آباد کے علاقے تھانہ شہزاد ٹائون کی حدود میں مافیا کی کھلی بدمعاشی،نہتے ملازمین پر فائرنگ،جان سے مارنے کی دھمکیاں،متاثرین کی طرف سے تھانہ شہزاد ٹائون کو دی گئی درخواست کے مطابق کیبل کاٹنے، دھمکیاں دینے اور فائرنگ کرنے کے خلاف قانونی کارروائی کی استدعاء کی گئی ہے۔
درخواست کے مطابق ،ایک اوباش نوجوان ملزم حیدر نے انٹرنیٹ کنیکشنز کی کیبل کو جان بوجھ کر کاٹ دیا جس سے میری کمپنی کو مالی نقصان پہنچا اور صارفین کی سروس معطل ہوگئی۔اس کو درست کرنے کیلئے کمپنی ملازمین نئی کیبل بچھانے کے لیے موقع پر گئے۔ وہاں ملزم حیدر موجود تھا جس نے ملازمین کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور کہا کہ وہ ہمیں اس علاقے میں کام نہیں کرنے دے گا۔ دھمکیوں کے باعث ملازمین کام مکمل کیے بغیر واپس آگئے۔
اگلے دن جب میرے ملازمین دوبارہ کام کی غرض سے اسی مقام پر گئے تو ملزم حیدر اپنے ایک ساتھی کے ہمراہ آیا اور ان پر حملہ آور ہوگیا اور فائرنگ شروع کر دی۔ ملازمین نے بمشکل اپنی جان بچائی۔ موقع پر موجود لوگوں نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی مگر وہ موقع سے فرار ہوگئے۔درخواست میں استدعاء کی گئی ہے کہ ملزم حیدر اور اس کے ساتھی کے خلاف کیبل کاٹنے، جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے، حملہ کرنے اور فائرنگ کرنے کے جرم میں فوری مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے اور ہمیں تحفظ فراہم کیا جائے۔
