اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد افضل مجوکہ نے کی۔ سماعت کے دوران سرکاری وکیل راجہ نوید حسین کیانی عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت میں استغاثہ کے مزید دو گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔ اس موقع پر سرکاری وکیل راجہ نوید حسین کیانی نے عدالت کو بتایا کہ کوشش ہے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کے علاوہ تمام استغاثہ کی شہادتیں مکمل کر لی جائیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ وکلائے صفائی کو گواہان پر جرح کے لیے ہدایت دی جائے تاکہ مقدمے کی کارروائی بروقت آگے بڑھ سکے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر استغاثہ کے بقیہ گواہان کی شہادتیں قلمبند کی جائیں گی، جبکہ مقدمے کی مزید سماعت 17 فروری تک ملتوی کر دی گئی۔
