Tuesday, February 10, 2026
ہومبریکنگ نیوزصدر زرداری کا ازبک صدر کی دعوت کا خیرمقدم، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

صدر زرداری کا ازبک صدر کی دعوت کا خیرمقدم، دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور

اسلام آباد (آئی پی ایس ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان، ازبکستان کے ساتھ اپنے قریبی برادرانہ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف کے حالیہ تاریخی اور نتیجہ خیز سرکاری دورۂ پاکستان کے ثمرات پر مؤثر عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

صدرِ مملکت نے یہ بات جمہوریۂ ازبکستان کے پاکستان میں سفیر مسٹر علیشر تختائیف سے ملاقات کے دوران کہی، جنہوں نے ایوانِ صدر میں صدر زرداری سے ملاقات کی اور ازبک صدر شوکت مرزیایوف کا خط ان کے حوالے کیا۔

اپنے خط میں ازبک صدر نے صدر زرداری، حکومتِ پاکستان اور عوامِ پاکستان کا اپنے دورے کے دوران شاندار مہمان نوازی اور پُرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے نشانِ پاکستان، جو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ہے، نیز اعزازی پروفیسرشپ اور ڈاکٹریٹ عطا کیے جانے پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔

صدر زرداری نے خوراک و زراعت، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سیاحت، صحت اور بینکاری سمیت اہم شعبوں میں ازبکستان کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے ازبکستان کی جانب سے پاکستان سے حلال گوشت، پھل اور آلو درآمد کرنے میں دلچسپی کو دوطرفہ تجارت کے فروغ کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا۔

صدر مرزیایوف نے صدر زرداری کو اپنی دعوت کا اعادہ کیا، جو اس سے قبل دونوں رہنماؤں کی بالمشافہ ملاقات کے دوران دی گئی تھی۔ صدر زرداری نے دعوت قبول کرتے ہوئے پاکستانی حکام کو ہدایت کی کہ وہ ازبک ہم منصبوں سے رابطہ کر کے رواں سال کے دوران دورے کو حتمی شکل دیں۔

صدرِ مملکت نے اسلام آباد میں حالیہ دہشت گرد حملے کے بعد یکجہتی اور حمایت کے پیغام پر صدر مرزیایوف کا شکریہ بھی ادا کیا اور امن، استحکام اور ترقی کے مشترکہ سفر کو جاری رکھنے کے لیے پاکستان اور ازبکستان کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا۔

مسٹر علیشر تختائیف نے صدر زرداری کو آگاہ کیا کہ ازبکستان اسلام آباد کے سیکٹر ایف-7 میں واقع بابر پارک کی ترقی کا خواہاں ہے، اور اس ضمن میں ایک متعلقہ ازبک وزیر آئندہ ہفتے اسلام آباد کا دورہ کرے گا تاکہ اس کی تعمیر سے متعلق پاکستانی حکام سے بات چیت کی جا سکے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔