کولکتہ(آئی پی ایس ) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ویسٹ انڈیز نے روماریو شیفرڈ کی شاندار ہیٹ ٹرک کی بدولت اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی۔ایڈن گارڈن میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے گروپ سی کے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ویسٹ انڈیز نے شمرون ہٹ مائر کی شاندار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں5 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز اسکور کیے۔
ہٹ مائر نے 36 گیندوں پر 64 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی۔برینڈن کنگ نے 35، رومان پول نے24 اور رتھرفورڈ نے 26 رنز بنائے۔183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم روماریو شیفرڈ کی تباہ بولنگ کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکی اور 19 ویں اوور میں 147 رنز بناکر آٹ ہوگئی۔
کپتان رچی بیرنگٹن 42 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے روماریو شیفرڈ نے 17 ویں اوور میں مسلسل 3 گیندوں پر 3 وکٹیں لے کر ہیٹ ٹرک مکمل کی۔روماریو شیفرڈ نے میچ میں مجموعی طور پر 20 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 35 رنزسے کامیابی دلادی۔
