Saturday, February 7, 2026
ہومبریکنگ نیوزٹی 20 ورلڈکپ: فہیم کی دھواں دھار بیٹنگ، سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو پاکستان سے شکست

ٹی 20 ورلڈکپ: فہیم کی دھواں دھار بیٹنگ، سنسنی خیز مقابلے میں نیدرلینڈز کو پاکستان سے شکست

کولمبو(آئی پی ایس) آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈ کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کولمبو میں کھیلے جا رہے میچ میں نیدر لینڈ کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔

محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 9 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔

قبل ازیں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔

نیدرلینڈ کی جانب سے مائیکل لیوٹ اور میکس اوڈووڈ نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں اوپنرز نے ٹیم کو 28 رنز کا آغاز فراہم کیا، پہلے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی میکس اوڈووڈ تھے جو 5 رنز بنا کر سلمان مرزا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

نیدر لینڈ کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوٹ تھے جو محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوئے، مائیکل لیوٹ نے 24 رنز اسکور کیے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے ڈچ کھلاڑی ایکرمین تھے جو 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 رنز بنا کر محمد نواز کا دوسرا شکار بنے۔

پاکستان کی جانب سے پانچویں وکٹ محمد ابرار نے حاصل کی جبکہ نیدرلینڈ کے چھٹے اور ساتویں کھلاڑی کو صائم ایوب نے آؤٹ کیا۔ وین ڈر مرفی نیدر لینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جنہیں شاہین آفریدی نے سلمان آغا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔

آخری اوور میں سلمان مرزا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور اس طرح پوری ڈچ ٹیم 147 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔

ایک موقع پر ایسا لگ رہا تھا کہ نیدر لینڈ کی ٹیم 160 کے 170 کے درمیان اسکور کر لے گی لیکن پاکستانی بولرز نے میچ میں شاندار کم بیک کیا اور آخری 6 وکٹیں صرف 20 رنز کے عوض حاصل کیں۔

پاکستان کی جانب سے سلمان مرزا نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ صائم ایوب، ابرار احمد اور محمد نواز نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ شاہین آفریدی کے حصے میں آئی۔

نیدرلینڈز کی جانب سے کپتان اسکاٹ ایڈورڈز 37 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ باس ڈی لیڈ 30 ، مائیکل لیوٹ 24 اور کولن ایکرمین 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔