Friday, February 6, 2026
ہومبریکنگ نیوزبلوچستان میں آپریشن ردّالفتنہ کے نمایاں نتائج، بدنام دہشت گرد گروہ نے ہتھیار ڈال دیے

بلوچستان میں آپریشن ردّالفتنہ کے نمایاں نتائج، بدنام دہشت گرد گروہ نے ہتھیار ڈال دیے

کوئٹہ:(آئی پی ایس)بلوچستان میں قیامِ امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں اور حکومتِ بلوچستان کی سنجیدہ کوششوں کے نتیجے میں آپریشن ردّالفتنہ کے مثبت ثمرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ صوبے میں دہشتگردی، لوٹ مار اور بھتہ خوری میں ملوث ایک بدنام گروہ نے ریاستِ پاکستان کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق میراک خان چکرانی نے اپنے 25 ساتھیوں سمیت رضاکارانہ طور پر سرنڈر کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی حکام کے حوالے کر دیا۔ سرنڈر کرنے والا یہ گروہ ماضی میں مختلف سنگین جرائم، بالخصوص ڈکیتی اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے بھائی میر آفتاب بگٹی اور سیکیورٹی فورسز کی مربوط حکمتِ عملی نے علاقے میں امن و امان کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے، جس کے باعث جرائم پیشہ اور شدت پسند عناصر کا ریاست پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔

اس موقع پر میراک خان چکرانی نے شدت پسند عناصر کے خلاف چکرانی امن فورس میں شمولیت کا اعلان بھی کیا اور قانون کی بالادستی کے لیے ریاست کے ساتھ تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن ردّالفتنہ کی کامیاب حکمتِ عملی کے تحت بلوچستان کے دیگر شدت پسند اور جرائم پیشہ عناصر کے بھی جلد ریاست کے سامنے سرنڈر کرنے کی توقع ہے، جس سے صوبے میں پائیدار امن کے قیام میں مزید مدد ملے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔