نیویارک: (آئی پی ایس) پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے دہشتگردی کو عالمی امن و سلامتی کیلئے سنگین خطرہ قرار دیتے ہوئے اقوام متحدہ سے بی ایل اے پر پابندی کا مطالبہ کر دیا۔
پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس سے خطاب میں افغانستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں پر تشویش کا اظہار کیا، اور کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان فرنٹ لائن ریاست ہے۔
انہوں نے کہا کہ عالمی انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان نے بے پناہ قربانیاں دیں، قربانیوں میں 90 ہزار سے زائد جانوں کا نقصان اور بھاری معاشی خسارہ شامل ہے، کابل پر طالبان قبضے کے بعد دہشتگرد تنظیموں کو نئی زندگی ملی، دہشتگرد افغان سر زمین سے پاکستان میں کارروائیاں کر رہے ہیں۔
عاصم افتخار نے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کی بھی مذمت کی اور کہا کہ بھارت کے زیر قبضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی نا قابل قبول ہے، کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد کو دہشتگردی قرار نہیں دیا جاسکتا۔
