Thursday, February 5, 2026
ہومپاکستانپاکستان اور ازبکستان کا تجارت، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری تیز کرنے پر اتفاق

پاکستان اور ازبکستان کا تجارت، سرمایہ کاری اور رابطہ کاری تیز کرنے پر اتفاق

اسلام آباد(آئی پی ایس) پاکستان اور ازبکستان نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطہ کاری کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ اس عزم کا اظہار وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ازبکستان کے وزیر تجارت و سرمایہ کاری لذیز قدرتوف کے درمیان اسلام آباد میں ہونے والی اہم ملاقات کے دوران کیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان–ازبکستان اقتصادی تعاون کو عملی شکل دینے، تجارتی رکاوٹوں کے خاتمے اور ترجیحی تجارتی فریم ورک کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔ فریقین نے گزشتہ سال دوطرفہ تجارت میں 10 فیصد اضافے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے بتایا کہ اس دوران ازبکستان کی پاکستان سے درآمدات میں 12 فیصد جبکہ برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دونوں ممالک نے دوطرفہ تجارت کا ہدف دو ارب ڈالر مقرر کرنے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے ترجیحی تجارتی فریم ورک کے تحت مصنوعات کی فہرست 34 سے بڑھا کر 92 کرنے میں پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

ملاقات میں بتایا گیا کہ اس وقت ازبکستان میں 228 پاکستانی کمپنیاں فعال ہیں جبکہ گزشتہ سال 80 نئی پاکستانی کمپنیوں کی رجسٹریشن عمل میں آئی، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے کاروباری اعتماد کا ثبوت ہے۔

فضائی رابطہ کاری کے حوالے سے دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست پروازوں میں نمایاں اضافے پر بھی بات چیت ہوئی۔ اسلام آباد اور لاہور سے ہفتہ وار پروازیں جاری ہیں جبکہ کراچی سے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کے منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔

فریقین نے متبادل تجارتی راستوں، شمالی کوریڈور کے استعمال، اور پاکستان، چین اور وسطی ایشیا کے مابین “گرین کوریڈور” کی تجویز پر مشاورت کی۔ اس کے علاوہ کان کنی، معدنیات، خوراک اور زراعت کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک نے قریبی فالو اپ، بزنس ٹو بزنس (B2B) روابط مضبوط بنانے اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔