نوم پنہ، کمبوڈیا (آئی پی ایس)
اسلامی جمہوریہ پاکستان کے چیئرمین سینیٹ، سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی آج ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد کے ہمراہ کمبوڈیا کے دارالحکومت نوم پنہ پہنچ گئے، جہاں وہ مملکتِ کمبوڈیا کے سرکاری دورے پر ہیں۔
نوم پنہ پہنچنے پر چیئرمین سینیٹ کا پرتپاک اور باوقار استقبال کمبوڈیا کی سینیٹ اور حکومت کے اعلیٰ حکام نے کیا۔ استقبالی وفد میں کمبوڈیا کی سینیٹ کے سیکنڈ نائب صدر عزت مآب ڈاکٹر تھُن واتھنا، سینیٹ کی پہلی کمیٹی کے چیئرمین اور کمبوڈیا–پاکستان سینیٹ فرینڈشپ گروپ کے سربراہ عزت مآب نگی چن پھال، پانچویں کمیٹی کے چیئرمین عزت مآب ڈاکٹر چھِو یی سانگ، ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول و بین الاقوامی تعلقات عزت مآب نگوئن سوکینگ اور کمبوڈیا میں پاکستان کے سفیر عزت مآب ظہیرالدین بابر تھیہم شامل تھے۔
خوشگوار سفارتی روایت کے تحت پاکستان کے سفیر ظہیرالدین بابر تھیہم کمبوڈین ڈائریکٹر جنرل پروٹوکول نگوئن سوکینگ نے طیارے کے اندر جا کر بذاتِ خود چیئرمین سینیٹ اور ان کے وفد کا خیرمقدم کیا ، جو دونوں ممالک کے مابین گہرے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ وفد میں سینیٹر زرقا سہروردی، سینیٹر عابد شیر علی، سینیٹر ضمیر حسین گھمرو اور چیئرمین سینیٹ کی مشیر محترمہ مصباح کھر شامل ہیں۔
استقبالی تقریب کے بعد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی عزت مآب نگی چن پھال کے ہمراہ ہوٹل روانہ ہوئے۔
چیئرمین سینیٹ کو دیا گیا پُرتپاک استقبال پاکستان اور کمبوڈیا کے مابین خوشگوار، دوستانہ اور مستحکم تعلقات کا مظہر ہے اور اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔
