Sunday, February 1, 2026
ہومپاکستاندہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پوری قوت سے عمل جاری ہے، طلال چوہدری

دہشتگردی کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر پوری قوت سے عمل جاری ہے، طلال چوہدری

فیصل آباد (آئی پی ایس )وزیرِ مملکت برائے امورِ داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں نیشنل ایکشن پلان کے تحت پوری قوت سے جاری ہیں اور ریاستِ پاکستان زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ وہ فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں نے سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور موثر کارروائیوں کے ذریعے ان حملوں کو ناکام بنایا۔طلال چوہدری نے واضح کیا کہ یہ تاثر سراسر غلط ہے کہ دہشت گردوں نے کسی شہر یا علاقے پر قبضہ کیا، دہشت گرد کسی مقام پر زیادہ دیر ٹھہرنے میں ناکام رہے۔وزیرِ مملکت نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران متعدد دہشت گرد ہلاک اور گرفتار کیے گئے جبکہ فرار ہونے والوں کا تعاقب جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے خواتین اور بچوں کو انسانی ڈھال بنایا، جس کے باعث سیکیورٹی فورسز نے انتہائی احتیاط کے ساتھ کارروائیاں کیں تاکہ بے گناہ شہری محفوظ رہیں۔طلال چوہدری نے کہا کہ خود کو بلوچ حقوق کا علمبردار کہنے والی تنظیموں نے سکولوں، ہسپتالوں، بازاروں، منڈیوں اور بینکوں کو نشانہ بنایا، جو ان کے اصل عزائم کو بے نقاب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا اور خصوصا بھارتی میڈیا پر بلوچستان کے حوالے سے منظم، جھوٹا اور گمراہ کن پروپیگنڈا کیا گیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جعلی ویڈیوز اور جھوٹے دعوے پاکستان میں دہشت گردی کے پیچھے بیرونی سرپرستی اور فنڈنگ کا ثبوت ہیں۔ وزیرِ مملکت کے مطابق بی ایل اے سمیت دیگر دہشت گرد تنظیموں کے خلاف شواہد عالمی برادری کے سامنے پیش کیے جا چکے ہیں، جس کے بعد انہیں بین قرار دیا گیا۔طلال چوہدری نے کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ کے کوئٹہ دورے سے ثابت ہوتا ہے کہ بلوچستان میں حالات معمول کے مطابق ہیں اور حکومت مکمل طور پر چوکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ جنگ دراصل ترقی اور دہشت گردی کے درمیان ہے اور دہشت گرد عناصر بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور سرمایہ کاری کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔وزیرِ مملکت نے وادی تیراہ کے حوالے سے کہا کہ وہاں کے مسائل دہشت گردی نہیں بلکہ صوبائی حکومت کی ناکامی اور وعدوں کی عدم تکمیل کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نو سال گزرنے کے باوجود ہسپتال، تھانے اور سکول نہ بننا کے پی حکومت کی نااہلی کا واضح ثبوت ہے۔طلال چوہدری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان قومی اتفاقِ رائے ہے، اس پر عملدرآمد جاری رہے گا اور بلوچستان میں امن بحال ہو رہا ہے، ان شا اللہ تعالی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔