Friday, January 30, 2026
ہومتازہ ترینماں بیٹی کی مین ہول میں گر کر ہلاکت کو فیک نیوز کہنے پروزیر اطلاعات عظمی بخاری کیخلاف مقدمے کی درخواست

ماں بیٹی کی مین ہول میں گر کر ہلاکت کو فیک نیوز کہنے پروزیر اطلاعات عظمی بخاری کیخلاف مقدمے کی درخواست

لاہور(آئی پی ایس )ماں بیٹی کی مین ہول میں گر کر ہلاکت کے معاملے پر صوبائی وزیر اطلاعات کے خلاف مقدمے کی درخواست دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بھاٹی گیٹ کے قریب ماں اور بیٹی کے مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونے کے واقعے کے حوالے سے وزیر اطلاعات پنجاب پر مقدمہ درج کرنے، وقوعہ کی چھان بین اور ملوث افسران کے خلاف کارروائی کے لیے درخواست دائر کر دی گئی ہے۔

درخواست جوڈیشل ایکٹوزم پینل کے سربراہ اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔عدالت عالیہ میں دائر درخواست میں پنجاب حکومت، لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے)سمیت دیگر متعلقہ اداروں اور فریقین کو شامل کیا گیا ہے۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ انتہائی گنجان آباد علاقے میں مین ہول کو کھلا چھوڑ کر سنگین غفلت کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ماں اور بیٹی اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں۔درخواست گزار کے مطابق حکومت نے اصل ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے محض نمائشی اقدامات کیے جب کہ لاہور میں ہر سال 10 ہزار سے زائد مین ہول ڈھکن چوری ہونے کے باوجود موثر اقدامات نہیں کیے گئے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس کی جانب سے واقعے پر تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 322 کے تحت مقدمہ درج کرنا ناکافی ہے کیونکہ ماں بیٹی کا مین ہول میں گر کر جاں بحق ہونا محض حادثہ نہیں بلکہ واضح طور پر مجرمانہ غفلت ہے۔درخواست میں یہ بھی موقف اپنایا گیا ہے کہ وقوعہ کے بعد پولیس اور حکومتی نمائندوں نے متاثرہ فیملی کو ہراساں کیا۔ درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ اصل حقائق سامنے لانے اور لواحقین کو معاوضے کے تعین کے لیے ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔عدالت سے مزید استدعا کی گئی ہے کہ غفلت کے مرتکب افسران سے 25 کروڑ روپے کا معاوضہ وصول کر کے جاں بحق ہونے والی ماں بیٹی کے لواحقین کو ادا کیا جائے۔ درخواست میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا ہے کہ غلط معلومات پھیلانے پر وزیر اطلاعات پنجاب، ڈپٹی کمشنر لاہور سمیت دیگر ذمہ داران کے خلاف بھی مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔