Friday, January 30, 2026
ہوماسلام آباداسلام آباد میں شہریوں کی جان کے تحفظ کیلئے تمام کھلے گٹروں پر معیاری ڈھکن لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد میں شہریوں کی جان کے تحفظ کیلئے تمام کھلے گٹروں پر معیاری ڈھکن لگانے کا فیصلہ

اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی خصوصی ہدایت پر وفاقی دارالحکومت میں شہریوں بالخصوص بچوں کی جان و مال کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک جامع اور فوری عملی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
اس خصوصی مہم کے تحت اسلام آباد کے تمام شہری اور دیہی علاقوں میں موجود کھلے گٹروں اور مین ہولز کو معیاری، مضبوط اور محفوظ ڈھکنوں سے ڈھانپا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے تمام متعلقہ شعبہ جات، میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) اور آئی سی ٹی انتظامیہ کو واضح احکامات جاری کیے ہیں کہ دارالحکومت کی حدود میں واقع ہر مین ہول، چاہے وہ سی ڈی اے، پی ٹی سی ایل، واپڈا، ایس این جی پی ایل یا

کسی اور ادارے کے زیرِ انتظام ہو، کو ہر صورت محفوظ اور معیاری کور فراہم کیا جائے۔
محمد علی رندھاوا کا کہنا ہے کہ یہ خصوصی مہم اس وقت تک جاری رہے گی جب تک اسلام آباد میں موجود تمام کھلے اور غیر محفوظ مین ہولز کو کور نہیں کر دیا جاتا اور اس عمل میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جا رہی ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر گزشتہ روز سے سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں مین ہولز کور کرنے کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مقام پر کھلا یا غیر محفوظ مین ہول یا گٹر دیکھیں تو فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔

علاوہ ازیں، چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر دارالحکومت کی سڑکوں، گذرگاہوں اور مراکز میں موجود فٹ پاتھوں کی بحالی اور خراب و ٹوٹے ہوئے کرب سٹونز کو تبدیل کرنے کا کام بھی بیک وقت شروع کر دیا گیا ہے۔ پرانے سیکٹرز اور اہم مراکز میں فٹ پاتھوں کی مرمت اور بہتری کا عمل تیزی سے جاری ہے

تاکہ شہریوں کو محفوظ اور بہتر آمدورفت کی سہولت فراہم کی جا سکے۔
چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد نے ہدایت کی ہے کہ سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کی تمام متعلقہ ٹیمیں فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور شہریوں کو بہترین ممکنہ خدمات فراہم کریں۔
انتظامیہ کے مطابق ان اقدامات سے نہ صرف شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے گا بلکہ اسلام آباد کے خوبصورت، منظم اور خوشنما ماحول کو بھی برقرار رکھا جا سکے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔