Friday, January 30, 2026
ہومتازہ ترینڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین کی وفد کے ہمراہ ملاقات

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین کی وفد کے ہمراہ ملاقات

اسلام آباد(آئی پی ایس)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے وفاقی وزیر و چیئرمین پارلیمانی کمیٹی برائے کشمیر رانا محمد قاسم نون کے ہمراہ برطانیہ کی پارلیمنٹ کے رکن عمران حسین نے 15 رکنی وفد کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں عمران حسین کے والد، سابق رکن برطانوی پارلیمنٹ، اور سماجی تنظیم Orphans in Need کے کنٹری ڈائریکٹر محمد فیصل اسحاق سمیت ہیڈ آف فنڈ ریزنگ بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے مابین پارلیمانی، معاشی اور اقتصادی تعلقات، برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کے کردار، پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، اور مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

Orphans in Need کے نمائندوں نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو آگاہ کیا کہ یہ تنظیم دنیا کے چودہ ممالک میں ایک لاکھ بیس ہزار سے زائد یتیم بچوں کی کفالت کر رہی ہے۔ تنظیم یتیموں کی فلاح و بہبود، تعلیم اور سماجی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جبکہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بہاولپور اور مظفرآباد میں تنظیم کے مراکز قائم ہو چکے ہیں، جبکہ 1200 بچوں کو تعلیمی وظائف دیے گئے ہیں۔ سماجی تنظیم کا ایک طالب علم بچہ اب پی ایچ ڈی کر رہا ہے جبکہ ایک طالبہ لیڈی ڈاکٹر بن چکی ہے۔ اس کے علاوہ بیواؤں کو ماہانہ راشن فراہم کیا جاتا ہے اور ان کے لیے گھروں کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یتیموں اور بیواؤں کے لیے یہ ایک قابلِ تحسین کام ہے، جس کا دائرہ کار ملک کے مزید پسماندہ علاقوں تک بڑھایا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے 24 پسماندہ اضلاع میں سے 17 صوبہ بلوچستان میں واقع ہیں، جہاں دہشت گردی، امن و امان، سیکیورٹی اور تجارتی مسائل درپیش ہیں۔ ایسے علاقوں میں فلاحی منصوبوں سے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کو ایشیا کا سنٹرل گیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبہ معدنیات اور قدرتی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود پسماندگی کا شکار ہے، جسے مشترکہ کاوشوں سے دور کیا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت پسماندہ علاقوں، بالخصوص بلوچستان پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ مواصلاتی نظام میں نمایاں بہتری آئی ہے اور طویل سفر کا دورانیہ کم ہو کر چند گھنٹوں تک محدود ہو گیا ہے۔ انہوں نے سی پیک اور گوادر منصوبوں کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان سے مقامی آبادی، خطے اور قریبی ممالک کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

مسئلہ کشمیر پر گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان ناصر نے کہا کہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، کیونکہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت میاں محمد نواز شریف اور میاں محمد شہباز شریف نے ہر عالمی فورم پر کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے لیے بھرپور آواز اٹھائی ہے۔

انہوں نے سمندر پار پاکستانیوں کو ملک کا قیمتی اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملکی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم مخیر حضرات پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

برطانوی رکن پارلیمنٹ عمران حسین نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو برطانیہ کے دورے کی دعوت دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور دیگر کشمیری رہنما برطانیہ میں مسئلہ کشمیر کو ہر اہم فورم پر اجاگر کرتے ہیں، جس کے باعث دنیا بھارت کے اصل چہرے سے آگاہ ہو چکی ہے۔

وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی بھابی کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

آخر میں وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔