Friday, January 30, 2026
ہومتازہ ترینغزہ جنگ: اسرائیلی فوج نے پہلی بار 71 ہزار فلسطینیوں کے قتل کا اعتراف کرلیا

غزہ جنگ: اسرائیلی فوج نے پہلی بار 71 ہزار فلسطینیوں کے قتل کا اعتراف کرلیا

اسرائیلی فوج (آئی ڈی ایف) نے پہلی بار غزہ جنگ میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد تقریباً 71 ہزار تسلیم کرلی ہے۔

اسرائیلی اخبار ہارٹز کے مطابق اسرائیلی دفاعی فورسز نے مانا ہے کہ اکتوبر 2023 سے جاری جنگ کے دوران یہ جانی نقصان ہوا۔

اس سے قبل اسرائیل غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کو ناقابلِ اعتبار قرار دیتا رہا تھا، تاہم اقوام متحدہ ان اعداد و شمار کو قابلِ اعتماد سمجھتا ہے۔

آئی ڈی ایف کے مطابق یہ تعداد صرف ان افراد پر مشتمل ہے جو براہِ راست فوجی کارروائی میں مارے گئے، جبکہ ملبے تلے دبے لاپتہ افراد، بھوک یا بیماری سے ہونے والی اموات اس میں شامل نہیں۔

غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی حملوں میں اب تک 71,667 فلسطینی جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں سے 90 فیصد سے زائد کی شناخت نام اور شناختی نمبرز کے ذریعے ہو چکی ہے۔

دوسری جانب، جنگ بندی کے دوسرے مرحلے کے آغاز کے باوجود اسرائیلی فورسز نے غزہ میں مزید دو فلسطینیوں کو شہید کر دیا۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ واقعہ خان یونس کے مشرقی علاقے میں پیش آیا جہاں اسرائیلی فوج سرگرم ہے۔

ریڈ کراس نے بتایا کہ اسرائیل سے 15 فلسطینیوں کی لاشیں غزہ منتقل کی گئی ہیں، جب کہ قیدیوں کے تبادلے کا عمل بھی حالیہ دنوں میں مکمل ہوا ہے۔

ادھر پاکستان نے ایک بار پھر فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے واضح اور وقت مقررہ منصوبے کا مطالبہ کیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اسرائیل کی جانب سے اقوام متحدہ کی تنصیبات کو نشانہ بنانے، خصوصاً شیخ جراح میں یو این کمپاؤنڈ کی مسماری کی سخت مذمت کی۔

پاکستان نے اسرائیلی آبادکاری، آبادی کے تناسب میں تبدیلی اور مقبوضہ علاقوں کی حیثیت بدلنے کی کوششوں کو خطے کے امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔