Friday, January 30, 2026
ہومبریکنگ نیوزآوارہ کتوں کامسئلہ:چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر انعم فاطمہ کی زیر صدارت اجلاس

آوارہ کتوں کامسئلہ:چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر انعم فاطمہ کی زیر صدارت اجلاس

اسلام آباد (سب نیوز )چیف آفیسر میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد ڈاکٹر انعم فاطمہ کی زیرِ صدارت 29 جنوری 2026 کو چیف آفیسر کے دفتر میں آوارہ کتوں کے مسئلے کے حوالے سے ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس دوپہر 2:30 بجے شروع ہوا اور شام 5:00 بجے تک جاری رہا۔اجلاس میں مختلف سیکٹرز سے تعلق رکھنے والے شہریوں، تاجر تنظیموں کے نمائندوں، ویٹرنری ماہرین، سول سوسائٹی اور اینیمل ایکٹیوسٹس نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران آوارہ کتوں کے مسئلے پر تفصیلی اور بھرپور بحث کی گئی، جس میں معزز ہائی کورٹ کی ہدایات اور عالمی سطح پر رائج طریقہ کار کو مدِنظر رکھا گیا۔شہریوں اور تاجر برادری کے نمائندوں نے اجلاس میں سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مقف اختیار کیا کہ انسانی جان سب سے قیمتی ہے۔

انہوں نے مختلف علاقوں میں کتوں کے کاٹنے کے حالیہ واقعات پیش کیے اور بتایا کہ عوام بالخصوص خواتین، بچے اور بزرگ شدید خوف کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال میں فوری اور مثر اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔دوسری جانب اینیمل ایکٹیوسٹس نے اپنے دلائل میں جانوروں کے حقوق اور آوارہ کتوں کو معاشرے کا حصہ تسلیم کرنے پر زور دیا اور انسانی و جانوروں کے درمیان ہم آہنگی کے حل تجویز کیے۔بحث میں شدت کے باوجود چیف آفیسر ایم سی آئی نے نہایت تحمل اور غیر جانبداری سے تمام فریقین کے مقف سنے۔ ماہرین کی آرا اور تجاویز حاصل کرنے کے بعد اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ آوارہ کتوں کے مسئلے کا حل مشاورت اور متوازن حکمتِ عملی سے ممکن ہے۔

اس ضمن میں تجویز دی گئی کہ کتوں کو مخصوص محفوظ اور باڑ لگے مقامات پر رکھا جائے یا مناسب طریقے سے کنٹرول کیا جائے، جبکہ انہیں گود لینے یا خوراک فراہم کرنے کے خواہشمند افراد کے لیے مخصوص مقامات مقرر کیے جائیں۔ چیف آفیسر ایم سی آئی ڈاکٹر انعم فاطمہ نے واضح کیا کہ آوارہ کتوں کا مسئلہ اسلام آباد کے شہریوں کے لیے ایک دیرینہ اور حساس معاملہ ہے جسے تمام اسٹیک ہولڈرز کے باہمی تعاون سے حل کیا جائے گا۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ حکومت کی اولین ترجیح انسانی جان کا تحفظ ہے، تاہم آوارہ کتوں کی نگہداشت اور بحالی کے معاملات عدالتوں کی ہدایات اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق انجام دیے جائیں گے۔ ایم سی آئی شہریوں کے تحفظ، عوامی خدشات کے ازالے اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے پائیدار حل کے لیے تمام متعلقہ فریقین کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رکھے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔