ماسکو(آئی پی ایس )روس کے چیچن علاقے کے سربراہ رمضان قادریوف نے کہا ہے کہ وہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے خلاف ہیں اور روس کو جنگ جاری رکھنی چاہیے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق رمضان قادریوف نے کریملن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانا چاہیے۔۔۔ میں مذاکرات کے خلاف ہوں۔یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب روسی صدر ولادیمیر پیوٹن متحدہ عرب امارات کے صدر سے ملاقات کر رہے تھے۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق خود کو صدر پیوٹن کا فٹ سولجر کہنے والے قادریوف روس کے نمایاں حامیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ ان کے اس بیان سے سخت گیر حلقوں کی اس رائے کی عکاسی ہوتی ہے کہ روس چار سال سے جاری جنگ میں برتری حاصل کر رہا ہے اور اسے جاری رکھنا چاہیے۔تاہم جنگ روکنے یا جاری رکھنے کا فیصلہ مکمل طور پر صدر پیوٹن کے اختیار میں ہے۔ کریملن کا کہنا ہے کہ روس یوکرین میں اپنے اہداف کو سفارتکاری کے ذریعے حاصل کرنے کو ترجیح دیتا ہے لیکن اگر یہ ممکن نہ ہوا تو فوجی ذرائع سے انہیں حاصل کیا جائے گا۔
