اسلام آباد ((آئی پی ایس)
قائم مقام چیئرمین سینیٹ، سیدال خان نے راولپنڈی/اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کے سالانہ انتخابات 2026 کے کامیاب اور خوش اسلوبی سے انعقاد پر نومنتخب عہدیداران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے تمام عہدیداران کے بلا مقابلہ منتخب ہونے کو صحافتی برادری کے اعتماد اور اتحاد کا مظہر قرار دیا۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے صدر منتخب ہونے پر آصف بشیر چوہدری، نائب صدور توصیف عباسی اور رشید ملک، جنرل سیکریٹری بشیر عثمانی، فنانس سیکریٹری اظہار خان نیازی، جوائنٹ سیکریٹریز راجہ عمران جنجوعہ اور رانا فرحان اسلم کو خصوصی طور پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایگزیکٹو کونسل کے نومنتخب اراکین عائشہ ناز، علی اختر، نوابزادہ شاہ علی، شہزاد راجپوت، حمید عباسی، اسد شرر، غفران چشتی، نور ایمن زہرا، اعجاز احمد فکری اور دوست محمد کو بھی مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ وہ صحافی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے فعال کردار ادا کریں گے۔
سیدال خان نے کہا کہ صحافی معاشرے میں جمہوری اقدار کے استحکام، آزادیِ اظہار کے فروغ اور عوام کو باخبر رکھنے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نومنتخب قیادت صحافیوں کے درپیش مسائل کے حل، ان کے حقوق کے تحفظ اور صحافتی معیار کی بہتری کے لیے بھرپور جدوجہد جاری رکھے گی۔
قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے آر آئی یو جے کی نومنتخب قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتخاب یونین کے اراکین کے اعتماد اور یکجہتی کی واضح علامت ہے۔
