اسلام آباد (سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی اور اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
بدھ کو ایوان صدر سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے دورہ متحدہ عرب امارات کے دوران اماراتی وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں خاتون اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری ،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور یو اے ای میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران دونوں رہنماوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعاون کو وسعت دینے پر گفتگو کی جب کہ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
فریقین نے بندرگاہوں، لاجسٹکس، انفراسٹرکچر، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مالیاتی خدمات سے متعلق امور پر بھی بات چیت کی۔ آصف زرداری نے دبئی کی سیاحت، مالیات اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے عالمی مرکز میں نمایاں تبدیلی کو سراہا اور پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات بشمول سرمایہ کاری کی سہولت اور نجکاری پر روشنی ڈالی۔صدر مملکت نے دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
دوسری جانب صدر مملکت آصف علی زرداری سے ڈی پی ورلڈ کے گروپ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسر سلطان احمد بن سلیم نے دبئی میں ملاقات کی۔صدرِ مملکت نے ڈی پی ورلڈ کی پاکستان کے ساتھ مضبوط، مسلسل شراکت داری اور ملک کے لاجسٹکس، بندرگاہی آپریشنز اور بنیادی ڈھانچے میں اس کے کردار کو سراہا جب کہ ملاقات میں پاکستان اور ڈی پی ورلڈ کے مابین بڑھتے ہوئے تعاون کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر آصف زرداری کا کہنا تھا یہ اقدامات بہتر روابط اور جدید لاجسٹکس انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کو علاقائی تجارت اور ٹرانزٹ حب کے طور پر قائم کرنے کے قومی ہدف سے ہم آہنگ ہیں۔
گروپ چیئرمین ڈی پی ورلڈ سلطان احمد بن سلیم نے پاکستان کے اسٹریٹجک جغرافیائی محلِ وقوع کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ سمندری راستوں پر بڑھتے دبا کے دور میں پاکستان ایک نہایت اہم مقام رکھتا ہے، چین اور وسطی ایشیا کے ساتھ پاکستان کے براہِ راست زمینی روابط، بحیرہ عرب تک رسائی اور سڑک و ریل کے ذریعے روابط اسے علاقائی اور بین العلاقائی تجارتی بہا وکے مرکز میں لاتے ہیں۔سلطان احمد بن سلیم نے مزید کہا پاکستان سمندر اور خشکی کے ذریعے دنیا کے اہم حصوں کو جوڑنے والا ایک قدرتی مرکز ہے،،متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے دہائیوں پر محیط قابلِ اعتماد اور دیرپا تعلقات ہیں۔صدر مملکت آصف علی زرداری کا طویل المدتی تعاون کو مزیدگہرا کرنے کی اہمیت پر زوردیا۔
صدر مملکت کی دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات، برادرانہ تعلقات مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
