اسلام آباد(سب نیوز)قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس اور صوبے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
قائم مقام صدرِ پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا ایوانِ بالا، جس میں تمام صوبوں کو یکساں نمائندگی حاصل ہے، ملک کے تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کے لیے موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں پاکستان کے تمام صوبوں سے تعلق رکھنے والے پارلیمنٹیرین اپنے اپنے علاقوں کی موثر آواز ہیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام صوبوں کی ترقی اور خوشحالی کو یقینی بنانے کے لیے بہتر اور جامع حکمتِ عملی اختیار کی جائے گی۔قائم مقام صدر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا کے عوام کی بے مثال بہادری، قربانیوں اور استقامت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں پائیدار امن کا قیام ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا، بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے عوام نے قیامِ امن کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام، بشمول ضم شدہ اضلاع، کی ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیح اور مشن ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں امن و امان کے قیام، گڈ گورننس کے فروغ اور عوامی فلاح کے لیے جاری اقدامات سے قائم مقام صدر کو آگاہ کیا اور مرکز و صوبے کے مابین تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
