اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نئے سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے حوالے سے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں نئے سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں پر پیشرفت کے حوالے سے تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر ڈویلپمنٹ کے حوالے سے ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر سی 14 میں بنیادی انفراسٹرکچر کا کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹر سی 14 میں پلاٹس کے قبضہ کی حوالگی کا عمل جلد شروع کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پلاٹ مالکان کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام پلاٹس اور گلیوں کے نمبروں کے سائن بورڈز آویزاں کئے جائیں۔ انہوں نے سیکٹر سی 14 کی تمام پلاٹس کی معلومات جدید ای نقشہ (ای مپ) پر فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین سی ڈی اے کو سیکٹر آئی 12 کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر آئی 12میں تقریبا تمام رہائشی و کمرشل پلاٹس اپنے ڈویلپمنٹ کے تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سیکٹر 12آئی میں ای-میپ، سائن بورڈز اور سٹریٹ لائٹس تمام بنیادی انفراسٹرکچر کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے ۔
اجلاس میں سیکٹر ای 12کے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیکٹر ای 12 کے سب سیکٹرز 1اور 2 میں بنیادی انفراسٹرکچر کے کام تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے مزید بتایا گیا کہ سیکٹر ای 12 کے سب سیکٹرز 3 میں ڈویلپمنٹ کا کام جاری ہے جبکہ سب سیکٹر 4 میں حائل رکاوٹوں کو دور کرکے ڈویلپمنٹ ورک کیلئے ٹینڈرز جلد جاری کئے جائینگے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹر ای 12کے ڈویلپڈ پلاٹس کے قبضے کی حوالگی کو جلد ممکن بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سیکٹر ای 12 میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز میں نہ صرف پلاٹس حوالگی کے عمل کو تیز کیا جائے بلکہ بنیادی انفراسٹرکچر و سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین رہائشی سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
