Wednesday, January 28, 2026
ہومپاکستانچیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے کے حوالے سے اجلاس

چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے کے حوالے سے اجلاس

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ماحول دوست اور جدید عوامی نقل و حمل کے نظام کو فروغ دینے کے مقصد سے الیکٹرک ٹرام اور ای بس منصوبے کے حوالے سے بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اجلاس منعقد ہوا۔ جسمیں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن طلعت محمود، ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم اور ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن سمیت سی ڈی اے کے دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں دارالحکومت اسلام آباد میں الیکٹرک ٹرام اور الیکٹرک بسوں منصوبے کے عملی نفاذ اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اسلام آباد شہر میں الیکٹرک ٹرام منصوبے پر جلد فیزیبلٹی سٹڈی کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔الیکٹرک ٹرام منصوبے کے تحت ٹرام کیلئے ڈپو، پارکنگ، چارجنگ انفراسٹرکچر اور مرمت کے جدید سہولیات شامل ہوگی۔ منصوبے کو جدید انٹیلیجنٹ ٹرانسپورٹ سسٹم (آئی ٹی ایس )کے مطابق نافذ العمل بنایا جائیگا۔ یہ منصوبہ مکمل طور پر جدید خطوط پر استوار، آرام دہ اور ماحول دوست منصوبہ ہوگا۔ اس منصوبے کو جدید ٹرانزٹ سسٹم سے مربوط کیا جائیگا۔چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کیش لیس بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس ماحول دوست ٹرانسپورٹ منصوبے میں کاربن کریڈٹ کے حصول کو پلاننگ فیز میں یقینی بنایا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ الیکٹرک ٹرام منصوبے کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے اہم مقامات اور خصوصا اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے منسلک کرنے کیلئے فیزیبلٹی سٹڈی کرائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں تازہ ترین رائیڈر شپ کے اعداد و شمار اور مستقبل کی مانگ کو مدنظر رکھا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں یہ تاریخی اقدام نہ صرف شہریوں کو جدید سہولیات فراہم کریگا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بھی بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین ، سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔